وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس میں ایس ایس جی ضرار کمپنی اور امریکی میرین کی طرز پر ڈیڑھ سو نوجوانوں پر مشتمل خصوصی برق رفتار سکواڈ قائم کرنے اور دیگر کئی اقدامات کی منظوری دیدی، دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت نہ ہونے کے باوجوپولیس نے میدان خالی نہیں چھوڑا ،،پولیس کو کرپشن سے پاک کرنا، رویوں میں تبدیلی لا کر اُنہیں عوام کا حقیقی خدمت گار بناناہمارامشن ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

منگل 15 اپریل 2014 22:28

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس میں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اپریل۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس میں ایس ایس جی ضرار کمپنی اور امریکی میرین کی طرز پر ڈیڑھ سو نوجوانوں پر مشتمل خصوصی برق رفتار سکواڈ قائم کرنے اور دیگر کئی اقدامات کی منظوری دی ہے اُنہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی شجاعت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت نہ ہونے کے باوجود انہوں نے میدان خالی نہیں چھوڑا اوراپنی جان پر کھیل کر عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا ہے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں دوسرے اداروں کی طرح پولیس فورس جیسے اہم ادارے کو بھی کرپشن کی نذر کرکے کھوکھلا کیا گیا تھاتاہم موجودہ حکومت نے سب سے پہلے محکمہ پولیس پر توجہ دی اور اسے ہجوم سے دوبارہ منظم فورس بنادیا ہے ہماری حکومت کے بنیادی اہداف میں پولیس کو کرپشن سے پاک کرنا، اس کے رویوں میں تبدیلی لا کر اُنہیں عوام کا حقیقی خدمت گار بنانا، اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور اس میں مداخلت ختم کرکے آزادانہ ماحول میں میرٹ پر کام کرنے کا موقع دینا شامل ہے وہ مانسر آرمی کیمپ اٹک میں آزاد کشمیر رجمنٹ کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا ایلیٹ پولیس فورس کے 572 جوانوں سے ایس ایس جی کمانڈو کورس کی تکمیل پر سلامی لینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے تقریب سے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی اور آزاد کشمیر رجمنٹ کے افسران نے بھی خطاب کیا اور تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اس موقع پر فارغ التحصیل پولیس کمانڈوز نے اپنی تربیتی مہارت کے مختلف مظاہرے بھی کئے جنہیں کافی سراہا گیا وزیر اعلیٰ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہماری پولیس فورس ہر گزرتے دن کے ساتھ منظم اور موثر فورس بنتی جارہی ہے اور عوامی اعتماد کی بحالی کے علاوہ پورے ملک کیلئے رول ماڈل بن کر اُبھری ہے ہماری پولیس نے ایس ایس جی کمانڈو ٹریننگ کا منفرد اعزازبھی حاصل کر لیا ہے اور اب یہ شہریوں کی حفاظت اور جرائم کی روک تھام کے علاوہ دہشت گردی سے نمٹنے کے قابل بھی بنتی جارہی ہے پولیس نے تفتیش اور انٹیلی جنس کے نظام کو مضبوط بنانے کے علاوہ اس کے تربیتی ادارے بھی فعال کئے جارہے ہیں اُنہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کیلئے ایس ایس جی تربیت یافتہ میجر رینک کے تین افسران اور 60 تا 70 انسٹرکٹرز بھرتی کرنے اورپرنسپل کی پوسٹ گریڈ اٹھارہ سے اُنیس میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی نیز پولیس کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پرپوری کرنے کا یقین بھی دلایا اسی طرح اُنہوں نے ایلیٹ ٹریننگ سنٹر میں دوران تربیت جوانوں کو کھانا سرکاری طور پر مہیا کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ہم اپنی بہادر ایلیٹ فورس کو یہ تحفہ بھی دیکر ان کی ہر طرح حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ہماری نڈر پولیس دہشت گردوں کیخلاف عظم و ہمت کی چٹان بننے کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ اپنے برتاؤ میں بھی بہتری لائے گی اور پولیس و حکومت کی بدنامی کا باعث بننے والے کرپٹ عناصر کو اپنی صفوں سے نکال باہر کرے گی اُنہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پر بھی زور دیا کہ وہ پولیس فورس میں شفافیت ، میرٹ اور پیش ورانہ مہارت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات جاری رکھیں حکومت اُنکی بھر پور سرپرستی کرے گی اُنہوں نے فارغ التحصیل ایلیٹ کمانڈوز کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا ۔