ایونٹ میں شامل 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہونگی، افتتاحی میچ ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان کھیلا جائیگا

منگل 15 اپریل 2014 14:06

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اپریل 2014ء) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز (آج) بدھ شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں ہوگا، پہلا میچ ممبئی انڈینز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیموں کے درمیان شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں شامل 8 ٹیموں میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز، دہلی ڈیئر ڈیولز، کنگز الیون پنجاب، سن رائزرز حیدرآباد، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، چنائی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلور شامل ہیں۔

آئی پی ایل سات کے شیڈول کو پہلے تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جس کے مطابق لیگ کا باقاعدہ آغاز 16 اپریل سے متحدہ عرب امارات میں ہونا تھا اور یہاں پر ابتدائی طور پر سولہ میچز کھیلے جانے تھے، دوسرے مرحلے کے میچز یکم سے 12 مئی تک بنگلہ دیش میں جبکہ آخری مرحلے کے میچز بھارت میں ہی ہونا تھے تاہم نئے شیڈول کے مطابق بی سی سی آئی حکام کے مطابق بھارتی حکومت نے آخری لیگ کے میچوں کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اب دو مرحلوں میں آئی پی ایل سات کو تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اور پہلے مرحلے میں 20 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائینگے اور دوسرے مرحلے میں فائنل سمیت40 میچز بھارت میں ہی کھیلے جائینگے۔ اس بار ٹیموں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے لیگ 47 روز تک جاری رہے گی اور ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 60 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گزشتہ برس 76 میچ کھیلے گئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2009ء میں بھی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئی پی ایل ملک سے باہر منعقد ہوئی تھی جس کی میزبانی جنوبی افریقہ نے کی تھی۔ واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل یکم جون کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :