حکومتی ارکان کی مخالفت کے باوجود وزیراعظم کی سینیٹ میں عدم حاضری سے متعلق ترمیم سینیٹ میں منظور ،وزیر اعظم نواز شریف ہفتے میں ایک دن سینٹ میں پیش ہونے کے پابند ہونگے ،اپوزیشن جماعتوں کا سینیٹر جعفر اقبال کے بیان اور ایم کیو ایم ارکان کو ترمیم پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے واک آؤٹ، میرے اور میری جماعت سے نا انصافی برتی جا رہی ہے، ہمیں یہ ترمیم پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا ، سینیٹر طاہر حسین مشہدی ، ایجنڈے کے مطابق ترمیم کا موقع آئے گا تو اس پر بات کریں گے ، قائد ایوان راجہ ظفر الحق کا جواب ۔ تفصیلی خبر

پیر 14 اپریل 2014 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) حکومتی ارکان کی مخالفت کے باوجود وزیراعظم نوازشریف کی سینیٹ میں عدم حاضری سے متعلق ترمیم کو سینیٹ میں منظور کرلیا گیا ہے جس کے تحت وزیراعظم اب ہفتے میں ایک دن سینیٹ میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے جبکہ سینٹ میں پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق) سمیت اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے سینیٹر جعفر اقبال کے بیان اور ایم کیو ایم ارکان کو ترمیم پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔

پیر کو ایم کیو ایم کے سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی طرف سے قواعد، ضابطہ کار و انصرام کارروائی سینٹ 2012ء کے قاعدہ 269 کے ذیلی قاعدہ 4 کے تحت ترمیم پیش کرنے کی اجازت چاہی جس پر صدر نشین سینیٹر صابر علی بلوچ نے کہا کہ اپنی باری پر ایجنڈے کے مطابق آپ کو بولنے اور ترمیم پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا جس پر طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ میرے اور میری جماعت سے نا انصافی برتی جا رہی ہے، ہمیں یہ ترمیم پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔

(جاری ہے)

سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ایجنڈے کے مطابق اس ترمیم کا موقع آئے گا تو اس پر بات کریں گے۔ سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی ترمیم کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمان تمام بحرانوں کا حل نکالتی ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد وزیراعظم دونوں ایوانوں کو جوابدہ ہے۔ سینیٹر جعفر اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس وقت نہیں ہے اور وہ مختلف درپیش بحرانوں سے نمٹنے میں مصروف عمل ہیں، اس بیان کے خلاف ہم واک آؤٹ کرتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان واک آؤٹ کر گئے۔ بعد ازاں سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے وضاحت کی کہ وزیراعظم ایک بار نہیں بار بار آئیں گے، میں نے یہ نہیں کہا کہ وزیراعظم اس ایوان میں نہیں آئیں گے۔ صدر نشین نے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کو ہدایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو منا کر ایوان میں واپس لائیں بعد ازاں واک آؤٹ کرنے والے ارکان ایوان میں واپس آ گئے اجلاس کے دور ان وزیراعظم نوازشریف کی سینیٹ میں عدم حاضری سے متعلق ترمیم کو سینیٹ میں منظور کرلیا گیا ہے جس کے تحت وزیراعظم اب ہفتے میں ایک دن سینیٹ میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔

ایم کیوایم کے سینیٹر طاہرحسین مشہدی نیوزیراعظم کی ایوان بالا سے مسلسل غیرحاضری پر سینیٹ سیکرٹریٹ میں ترمیمی بل جمع کرایا جس میں موٴقف اختیار کیا گیاتھا کہ وزیراعظم ایوان کو اہمیت نہیں دے رہے اور وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے آج تک اجلاس میں نہیں آئے لہذا وزیراعظم کی سینیٹ میں حاضری یقینی بنانے کے لیے قواعد میں ترمیم کرنا ہوگی۔ایم کیوا یم کی جانب سے جمع کرائے جانے والے قواعد میں ترمیم کے بل کو اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرکے منظور کرلیا گیا جس کے تحت وزیراعظم ایوان بالا میں ہفتے میں ایک دن لازمی شریک ہوں گے جبکہ حکومتی اراکین نے بل کی شدید مخالفت کی۔