کالعدم تحریک طالبان جنگ بندی میں توسیع پر رضامند، غیر عسکری قیدی رہا نہ کئے جانے اور امن زون قائم نہ ہونے پر شوریٰ کمیٹی کا تحفظات کا اظہار

پیر 14 اپریل 2014 21:31

کالعدم تحریک طالبان جنگ بندی میں توسیع پر رضامند، غیر عسکری قیدی رہا ..

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اپریل۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ باضابطہ اعلان چند دن تک کر دیا جائے گا۔ پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے حکومت اور فوج ایک پیج پر نہیں ہیں۔ طالبان شوریٰ کا اجلاس شمالی وزیرستان میں نامعلوم مقام پر ہوا جس میں اہم کمانڈر بھی شریک تھے۔

اجلاس میں سیز فائر اور قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ غیر عسکری قیدی رہا نہ کئے جانے اور امن زون قائم نہ ہونے پر شوریٰ کمیٹی نے تحفظات کا اظہار کیا تاہم جنگ بندی میں مزید توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ سیز فائر میں توسیع کے بارے میں طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد چند دن تک باضابطہ اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے موقع پر شمالی وزیرستان میں شوریٰ مجاہدین کی جانب سے ایک پمفلٹ تقسیم کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان میں کوئی اختلاف نہیں، شوریٰ کے تمام ارکان متحد اور متفق ہیں۔

دشمن ہمارے کمانڈروں اور کارکنوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ ناکام بنا دیا جائے گا۔دوسری طرف طالبان رابطہ کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ حکومت اور فوج قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ایک پیج پر نہیں ہیں۔ فوج کی جانب سے قیدیوں کی رہائی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ مولانا یوسف شاہ کا کہنا ہے کہ طالبان سے جلد ملاقات طے ہو جائے گی اور جنگ بندی قائم رہے گی۔

متعلقہ عنوان :