خزانے کی تلاش کرنے والے نوجوان کی لاش نظر آ گئی

پیر 14 اپریل 2014 17:48

خزانے کی تلاش کرنے والے نوجوان کی لاش نظر آ گئی

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء) ملتان میں خزانے کی تلاش میں منوں مٹی تلے دبے نوجوان کی لاش نظر آ گئی، نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ گزشتہ روز ملتان میں ایک نوجوان خزانے کی تلاش میں اپنی ہی کھودی ہوئی سرنگ میں زندہ دفن ہو گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان محمد ذیشان نے اپنے جس گھر میں کھدائی کی وہ ایک مرلے سے بھی کم رقبے کا ایک چھوٹا سا مکان ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق گھر میں کُھدائی کا کام خفیہ طور پر کئی عرصہ سے جاری تھا۔

(جاری ہے)

محمد ذیشان کے والد نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ انھیں کسی جعلی پیر نے کہا تھا کہ ان کے گھر کے نیچے خزانہ دفن ہے۔ پولیس نے اس کے والدین اور اس مبینہ پیر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس نے نوجوان کو یہ مبینہ خزانہ کھود نکالنے کی ترغیب دی تھی۔ امدادی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ کئی مکانوں کے نیچے سے گزری ہے اور ان کی عمارتوں کو بھی خطرہ ہے۔ ملتان کے اندرون شہر کے علاقے دہلی گیٹ میں قدیم گھروں کے نیچے تقریباً 50 فٹ لمبی اور ٹیڑھی میڑھی تنگ سرنگ ہے۔ امدادی کارکنوں کو کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد اب نوجوان کی لاش نظر آ گئی ہے جس کو نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔