رینجر ز اورپولیس ا من وامان کی صورتحال بہتر بنانے پرعمل پیراہے،میجر جنرل رضوان اختر

پیر 14 اپریل 2014 17:07

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء)ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اخترنے کہا ہے کہ رینجر ز اورپولیس ا من وامان کی صورتحال بہتر بنانے پرعمل پیراہے،ملکی معیشت کی بہتری کے لیے موجودہ حکومت نے کراچی میں اہم ترین اقدامات کافیصلہ کیا جس سے قوی امید پیدا ہوگئی ہے کہ کراچی کوایک بارپھر روشنیوں کاپرامن شہر بنانے میں کامیاب ہوجائینگے یہ بات انہوں نے سائیٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری اورممبران سے ایسوسی ایشن میں ملاقات کے دوران کہی اس موقع پر سیکٹرکمانڈر سچل رینجرز کرنل جاوید بلوچ،کرنل ارسلان ، شہنشاہ عالم،ناصراحمد،چوہدری محمد ریاض ، راجہ محمد الیاس اوردیگربھی موجودتھے۔

ڈی جی رینجرز میجرجرنل رضوان اخترنے کہا کہ رینجر ز کی جانب سے تاجروں کو معاشی سرگرمیوں کوفروغ دینے کے لیے بھرپورتعاون پیش کیاجائیگا اور امن وامان کی بہتری کے لیے پولیس اوررینجردن رات کوشاں ہے اس موقع پر سائیٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری نے کہا کہ کراچی کے حالات ماضی کی نسبت بہترہورہے ہیں جس میں رینجرز اورپولیس کااہم کردارہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات میں بہتری کی امید رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کوششوں سے پیدا ہوچکی ہے اور اب کراچی میں معاشی سرگرمیاں بہترہورہی ہیں لیکن کراچی کے صنعتی علاقوں کے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی بے حدضروری ہے جسکے لیے رینجرز اورپولیس مشترکہ اقدامات کرے تاکہ تاجروصنعتکاربلاخوف وخطراپنی پیداواری سرگرمیوں کوجاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ سائیٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں پولیس اوررینجرز کی نفری کم ہے جس میں اضافہ کیاجائے تاکہ سائیٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں امن وامان کی صورتحال کوبہترسے بہتربنا یا جاسکے ۔