فلپائن کے باکسر مینی پیکیاوٴ نے کھویا ہوا ورلڈباکسنگ آرگنائزیشن لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل دوبارہ حاصل کرلیا

پیر 14 اپریل 2014 14:44

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اپریل 2014ء)فلپائن کے باکسر مینی پیکیاوٴ نے کھویا ہوا ورلڈباکسنگ آرگنائزیشن لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل دوبارہ حاصل کرلیا۔ جوابی مقابلے میں ناقابل شکست امریکی باکسر ٹموتھی بریڈلے کو ججز کے متفقہ فیصلے پر زیر کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فلپائن کے باکسر مینی پیکیاوٴکھویا ہوا لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

امریکی باکسر ٹموتھی بریڈلے نے نو جون 2012کو ججوں کے متنازع اور منقسم فیصلے کے ذریعے پیکیاوٴ کوڈبلیوبی اواعزاز سے محروم کردیا تھا۔ دونوں باکسرز کے درمیان جوابی فائٹ ایم جی ایم گرینڈ ایرینا لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔مینی پیکیاوٴ بارہ راوٴنڈ کے مقابلے میں حریف کو ناک آوٴٹ تو نہ کرسکے تاہم پوری فائٹ کے دوران غالب رہے اور بریڈلے کوکسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اسی لئے مقابلے کے تینوں ججوں نے پیکیاوٴ کومتفقہ طور پر پوائنٹس پرفاتح قرار دیا۔دوججوں نے 116 اور112 اور جبکہ ایک جج نے ایک سواٹھارہ ایک سودس سے پیکیاوٴ کے حق میں فیصلہ دیا۔ مینی پیکیاوٴ واحد باکسر ہیں جنہیں آٹھ مختلف کیٹیگریز میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔