افغان صدارتی انتخابات: غیرسرکاری نتائج میں عبداللہ عبداللہ کو برتری حاصل

اتوار 13 اپریل 2014 18:45

افغان صدارتی انتخابات: غیرسرکاری نتائج میں عبداللہ عبداللہ کو برتری ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء)افغانستان میں حال ہی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ کو 41.9 فیصد ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے آزاد الیکشن کمیشن کے چیف یوسف نورستانی کا کہنا ہے کہ اب تک 26 صوبوں کے 10 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی ہے، غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اب تک 5 لاکھ ووٹ لے کر 41.9 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، ڈاکٹر اشرف غنی 37.6 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے جب کہ زلمے رسول 9.8 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ 8 مزید صوبوں کے نتائج آنے کے بعد مئی کے آخر میں حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ افغانستان کے آئین کے مطابق اگر کوئی بھی امیدوار 51 فیصد یا اس سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوتا تو اس صورت میں پہلے 2 امیدواروں کے درمیان دوبارہ سے مقابلہ ہوتا ہے۔