Live Updates

عمران خان سے شیخ رشید کی اہم ملاقات ، ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی،دونوں رہنماؤں کا ملک کو درپیش مسائل پر آواز بلند کرنے کیلئے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ ،حکومت نعرے لگانے کی بجائے مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے ‘ سربراہ پی ٹی آئی،حکومت اور فوج کے درمیان معاملات بہتر نہیں ، فوج میں خواجہ آصف کیخلاف نفرت ہے ‘ سربراہ عوامی مسلم لیگ

اتوار 13 اپریل 2014 15:33

عمران خان سے شیخ رشید کی اہم ملاقات ، ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انکی رہائشگاہ پر اہم ملاقات کی ، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی گئی ، رہنماؤں نے ملک کو درپیش مسائل پر آواز بلند کرنے کیلئے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں ہونیوالی ملاقات میں حکومت طالبان مذاکرات ، تحفظ پاکستان بل ، سپریم کورٹ کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی فیصلے اورملک کے موجودہ حالات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دونوں جماعتیں بھرپور آواز بلند کریں گی ۔حکومت صرف نعرے لگانے کی بجائے مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک سال ہونے کو ہے لیکن حکومت کی کہیں بھی کارکردگی نظر نہیں آرہی جسکی وجہ سے عوا م میں مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ رہنماؤں کا کہنا تھاکہ حکومت اپنی کارکردگی سے آگاہ ہے ،سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ابھی تک بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی کی طرف نہیں بڑھا جارہا ۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہیں ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف کو فوج کے ساتھ تلخیاں کم کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو وزیر دفاع کا عہدہ دینے پر فوج نے اس کو پسند نہیں کیا تھا ، فوج میں خواجہ آصف کے خلاف نفرت ہے اور آرمی چیف نے کمانڈوز سے خطاب کے دوران اس امر کا اظہار بھی کیا تھا ۔ میں نے کہا تھاکہ اپریل کا مہینہ خطرناک ہوگا ۔ 2014ء حکومت کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات