پاکستان کرکٹ بورڈ پابندی کے شکار کھلاڑیوں سے ایک جیسا سلوک کرے ، سلمان بٹ کا مطالبہ ، پاکستان کو عامر کی ضرورت ہے ،نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں ، سلمان بٹ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اپریل 2014 22:31

پاکستان کرکٹ بورڈ پابندی کے شکار کھلاڑیوں سے ایک جیسا سلوک کرے ، سلمان ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) عالمی سطح پابندی کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) پابندی کے شکار کھلاڑیوں سے ایک جیسا سلوک کرے تاکہ وہ اپنی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کیریئر دوبارہ شروع کر سکیں۔ 2010 میں کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں جان بوجھ کر نوبال کرانے پر سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر کم از کم پانچ سالہ پابندی عائد کر کے جیل بھیج دیا تھا۔

پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب رکتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آئی سی سی سے عامر کی پابندی میں کمی کے حوالے سے بات کریں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ پاکستان کو عامر کی ضرورت ہے اور میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں لیکن میرا خیال ہے کہ دیگر کھلاڑیوں سے بھی ویسا ہی سلوک کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہے کہ آئی سی سی اینٹی کرپشن قوانین میں ترامیم کے بعد ان کھلاڑیوں کی عالمی کرکٹ میں واپسی کس طرح ممکن ہو گی۔سلمان بٹ نے کہا کہ وہ پی سی بی کے انٹی کرپشن حکام سے لیکچرر لینے سمیت بحالی کے دیگر عمل سے گزرنا چاہتے ہیں تاہم ابھی تک اس طرح کے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ میں دس مرتبہ سے زائد پی سی بی اینٹی کرپشن حکام سے مل چکا ہوں لیکن انہوں نے ہمیشہ یہی جواب دیا کہ بورڈ مجھے اس حوالے سے آگاہ کر دے گا۔انہوں نے کہاکہ لوگ اپنی زندگی میں غلطیاں کرتے ہیں لیکن سزا ملنے کے بعد انہیں اپنی زندگی دوبارہ شروع کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔