تمام اداروں میں تقرریاں وتبادلے میرٹ پرہونگے،اسدقیصر،زیدہ کوماڈل سٹی بنائیں گے، باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے مکمل ہونے پر صوابی کے لوگ پشاور اور مردان علاج کیلئے نہیں جائیں گے،اجتماع سے خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 21:53

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے قائمقام گورنر اور سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پولیس اور اساتذہ سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تقرریاں اور تبادلے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ہو نگے۔ اس لئے صوبائی حکومت نے این ٹی ایس اور ایٹا ٹیسٹ کے ذریعے اساتذہ اور پولیس سپاہی کی بھر تی کا عمل شروع کیا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کی شام حجرہ نیا چم زیدہ سٹی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دورا ن کیا ۔

انہوں نے زیدہ سٹی میں فرش بندی ، گلی کوچوں کی پختگی اور دیگر تر قیاتی کاموں کے لئے ستر لاکھ روپے ، ایک ٹیوب ویل کے قیام کے علاوہ بجلی کے ٹرانسفارمر اور دیگر منصوبوں کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ ان تر قیاتی منصوبوں سے زیدہ ایک ماڈل سٹی بنے گا ۔

(جاری ہے)

زیدہ سٹی میرا دوسرا گھر ہے یہاں قائد اعظم سکول اینڈ کالج کے قیام کی بنیاد ڈال کر عمر کا زیادہ حصہ اس شہر میں گزارہ ہے ۔

یہاں بی ایچ یو زیدہ سے ڈاکٹر کے تبادلہ کے بارے میں مجھے آج علم ہوا یہ سب جھوٹ اور منافقت ہے ۔ یہاں کے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی تعینات کئے جائیں گے اسی طرح پٹوار خانہ اور پوسٹ آفس موزوں جگہ پر منتقل کیا جائیگا۔ جب کہ ایریگیشن سے ٹیوب ویل بھی منظور کرایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ آج اگر میں یہاں کھڑا ہوں تو یہ بحیثت قائمقام گورنر آپ کے سامنے کھڑا ہوں اور یہ سب کچھ آپ لوگوں کی محنت اور سپورٹ کی وجہ سے ہے انہوں نے کہا کہ جب میں ممبر اسمبلی منتخب ہوا تو یہ سوچ رہا تھا کہ اپنے آبائی ضلع صوابی کے لئے کونسے بڑے کام کر سکوں اس سوچ کے مطابق اقتدار میں آکر پہلی فرصت میں خواتین یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا اور سات ماہ کے دوران اب اس میں کلاسز کا اجراء ہو چکا ہے اسی طرح گجو خان میڈیکل کالج کے قیام کو عملی جامہ پہنایا گیا جب کہ باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور (صوابی) کو کٹیگری اے کا درجہ دیا گیا یہ اربوں روپے کا پراجیکٹ ہے جس کے مکمل ہونے پر صوابی کے لوگ پشاور اور مردان علاج کے لئے نہیں جائیں گے بلکہ انہیں اسی ہسپتال میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال اورحیات شیر پاؤ ٹیچنگ ہسپتال جیسے طبی سہولیات دہلیز پر میسر ہونگے۔

اس کا باقاعدہ ٹینڈر ہو چکا ہے یہاں بلڈنگ تیار ہونے کے علاوہ مختلف امراض کے ڈاکٹر بھی آئینگے انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ہملٹ کے مقام پر جدید اور ایک بڑے تفریحی پارک کا افتتاح بھی کیا جب کہ ایک بڑا سپورٹس کمپلیکس بھی قائم کیا جائیگا جس میں صوابی کے جنید خان جیسے عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ زیدہ سٹی میں خواتین یونیورسٹی کی عمارت تعمیر کرانے کے لئے زمین کے حصول کے لئے شاہ منصور ، کڈی اور زیدہ کے شاملات پر سیکشن فور کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوابی کے لئے وہ بڑے بڑے منصوبے ہم نے لائے ہیں جس کا کوئی تصور نہیں کر رہا تھا انہوں نے کہا کہ بجلی کے حوالے سے ضلع بھر میں کافی تعداد میں ٹرانسفارمر فراہم کئے ہیں اور اس سلسلے میں چیف پیسکو پشاور سے کئی بار اجلاسیں بھی کی ہے جس میں چیف پیسکو نے بتایا کہ اس وقت واپڈا مین لائسز کا مسئلہ ہے اس کی وجہ سے واپڈا خسارے میں ہے ۔

اور موجودہ سسٹم میں واپڈا کے ٹرانسفارمرز لوڈ بر داشت نہیں کر رہے اس لئے واپڈا کے سارے سسٹم کو آپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑ کے علاوہ گدون اور چھوٹا لاہور فیڈر قائم کیا گیا ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے جب کہ سارے ضلع صوابی کو تر بیلہ ڈیم کے ساتھ منسلک کیا جائیگا تاکہ یہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کا مسئلہ حل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام نے اس سے قبل جن لوگوں کو ووٹ دیئے تھے اس کے بدلے ان سیاسی جماعتوں کی قیادت نے صوابی کو جیل خانہ جات ، جنگلات یا زکوة و عشر کی وزارتیں دی تھی جو کہ یہاں کے عوام کے ساتھ ایک مذاق تھا صوابی کی تاریخ میں پہلی بار یہاں کے عوام کو عزت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ صوابی ہسپتال کے آپ گریڈیشن ، خواتین یونیورسٹی، چھوٹا لاہور ، ٹوپی ہسپتال کی آپ گریڈیشن اور گجو خان میڈیکل کالج کی تکمیل سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ زیدہ سے متعلق مسائل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایمبولینس کی فراہمی کے لئے سیکرٹریٹ سے رابطہ کرؤنگا۔ انہوں نے کہا کہ گجو خان میڈیکل کالج میں اوپن میرٹ پر داخلے دیئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :