عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی‘ شہباز شریف،پولیس کو اربوں روپے کے وسائل دئیے گئے ہیں،پولیس جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کرے،مجھے اب نتائج چاہئیں،سنگین جرائم کا سراغ لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے،پولیس اپنے فرائض جانفشانی اور تندہی سے سر انجام دے،اچھرہ واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے،آئندہ ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کرونگا‘وزیراعلیٰ پنجاب کاامن وامان کے حوالے سے ا علیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 19:52

عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،غفلت یا کوتاہی کسی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس مقصد کے لئے پولیس اپنے فرائص جانفشانی اور تندہی سے سرانجام دے ، عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،پولیس اچھرہ واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو فی ا لفور قانو ن کی گرفت میں لائے آئندہ ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔

وہ ہفتہ کے روز دورہ چین سے وطن وا پسی پر لاہور ائیر پورٹ پر صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر راناثنااللہ،ایم این اے پرویز ملک، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، تاجر رہنماؤں اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور اچھرہ واقعہ پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا-وزیراعلیٰ کو اچھرہ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کاقیام اولین ترجیح ہے ،قیام امن کے بغیر تیز رفتار ترقی، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن نہیں ۔

صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی جائے،عوام کے سکھ اور چین کو چھیننے والے مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

مجھے اب صرف نتائج چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم کا سراغ لگانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔پولیس کو اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں ۔ آئندہ بھی پہلے سے بڑھ کر وسائل دیں گے تاہم پولیس کو عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لئے اپنے فرائض محنت اور دیانتداری سے سر انجام دینا ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے بھی خطیر وسائل فراہم کئے گئے ہیں اورپولیس کی استعدادکار میں ا ضافہ کے لئے جدید تربیت کا اہتمام کیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ لاہور میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا جارہاہے۔اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سینٹر کے قیام سے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے تحت جرائم کے خاتمے میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثربنایاجائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں امن وامان کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔