کسی بھی ملک میں انصاف کی فراہمی میں بینچ اور بار کا فعال کردار نہایت اہم ہوتا ہے،امیرمقام،مسلم لیگ (ن) کی حکومت عدلیہ کے فیصلوں کا احترام ،بالادستی تسلیم کرتی ہے،حلف بردادری تقریب سے خطاب

ہفتہ 12 اپریل 2014 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل۔2014ء) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں انصاف کی فراہمی میں بینچ اور بار کا فعال کردار نہایت اہم ہوتا ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عدلیہ کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے اور عدلیہ کی بالادستی تسلیم کرتی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز الپوری شانگلہ بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر بار کی نومنتخب کابینہ کے صدر محمد نعیم خان ،نائب صدر محمد علی ایڈوکیٹ ،جنرل سیکرٹری نامدار علی شاہ ،جائنٹ سیکرٹری اشفاق حسین ،فنانس سیکرٹری محمد عارف ، اور لائبریری سیکرٹری شاہ ولی خان نے حلف اٹھایا ،اس موقع پر الپوری شانگلہ بار نے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو بار کی اعزازی رکنیت دی جو وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے اپنے لیئے اعزاز سمجھتے ہوئے قبول کر لی، اپنے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے نومنتخب بار کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دیہانی کروائی کہ وہ ان کے جائز مطالبات کے حل کیلئے ان کے وفد کی وفاقی وزیر قانون سے جلد ملاقات کا اہتمام کروائیں گے ،انجینئر امیر مقام نے کہا کہ موجودہ دور میں وکلاء پر بڑی زمہ داری عائد ہوتی ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہمارے ملک کے وکلاء اپنی زمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہماری خواہش ہے کہ اب مذید خون بہائے بغیر ملک میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف مذاکرات کے عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس وقت تک ترقی ممکن نہیں جب تک وہاں امن نہ ہو اسی لیئے ہماری حکومت دہشت گردی سے نجات کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہترکارکردگی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا کہ ڈالر کی قدر میں نہایت قلیل مدت میں 15روپئے سے زائد کی کمی ہوئی ہے ،وکلاء کی جانب سے پیش کردہ مسائل کا زکر کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس اور شانگلہ جیل کیلئے صوبائی حکومت سے بات چیت کی جائے گی ،جو ایک جائز مطالبہ ہے ،انہوں نے کہا کہ الپوری بشام روڈ پر کام اسی ہفتے دوبارہ شروع کروادیا جائے گا اور اسی سال اسے مکمل کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ شانگلہ گرڈ کو ایک اضافی ہیوی ٹرانسفارمر دے دیا گیا ہے اور اسی طرح کانڑا اور بشام کے مقامات پر 132کے وی اے کے دو نئے گرڈ سٹیشن تعمیر کئے جا رہے ہیں جس سے علاقے میں اوور لوڈنگ کے مسائل حل ہو جائیں گے ،انجینئر امیر مقام نے الپوری شانگلہ بار کیلئے اپنی جیب سے ڈھائی لاکھ روپئے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ،قبل ازیں وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ الپوری میں اپنی رہائش گاہ پر ایک مصروف دن گزارا اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں ،عوامی مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ،بعد ازاں انہوں نے الپوری پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دیہانی کروائی ، انجینئر امیر مقام نے الپوری پریس کلب کیلئے اپنی جیب سے 50ہزار روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں وہ وفاقی حکومت سے بھی الپوری پریس کلب کو گرانٹ دلوانے کیلئے کوشش کریں گے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صحافیوں کو اپنے قلم کا استعمال ملک وقوم کے بہتر مفاد میں کرنا چاہیئے تاکہ ملک اور قوم کو درپیش مسائل اور مشکلات کے بھنور سے نکالا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :