طالبان گروپس میں جنگ بندی کے بعد ہی بات آگے بڑھ سکے گی، حکومتی کمیٹی

ہفتہ 12 اپریل 2014 14:47

طالبان گروپس میں جنگ بندی کے بعد ہی بات آگے بڑھ سکے گی، حکومتی کمیٹی

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اپریل 2014ء) طالبان کمیٹی اور طالبان شوریٰ کے درمیان رابطوں میں تعطل پیدا ہو گیا ، حکومتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ طالبان کے درمیان جنگ بندی کے بعد ہی بات آگے چل سکے گی۔ طالبان رابطہ کمیٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان شوریٰ سے رابطوں کی کوشش کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک اس میں کامیابی نہیں ملی۔حکومتی کمیٹی کے ذرائع کے مطابق انہیں منگل تک طالبان شوریٰ سے رابطہ کر کے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

مذاکراتی عمل میں ڈیڈلاک طالبان میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ہے۔طالبان کے درمیان جنگ بندی کے بعد ہی بات آگے چل سکے گی۔حکومتی کمیٹی کے مطابق حکومت مذاکرات کی خواہشمند ہے لیکن بندوبست طالبان نے ہی کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق اصل فریق سے رابطہ نہ ہونے کی صورت میں طالبان رابطہ کمیٹی اور حکومتی کمیٹی میں مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مولانا یوسف نے کہا ہے کہ چند روز میں مذاکراتی عمل میں اہم پیشرفت کا امکان ہے۔جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر بھی پیشرفت ہوگی۔طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی کے رابطے کے بعد دونوں کمیٹیاں طالبان شوریٰ سے ملاقات کریں گی جس میں سیز فائر اور قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے بات کی جائے گی۔طالبان شوریٰ سے ملاقات کیلئے وقت اور جگہ کا تعین حکومتی کمیٹی سے رابطے کے بعد کیا جائے گا۔طالبان شوریٰ کے رکن اعظم طارق کا کہنا ہے کہ طالبان گروپوں کی لڑائی کو میڈیا میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔طالبان گروپوں کی لڑائی کا مذاکرات پر اثر نہیں پڑے گا ، طالبان گروپوں کے درمیان غلط فہمی دور کر دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :