Live Updates

پنجاب حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے جدید ترین کول پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی، دورہ چین میں اہم پیش رفت،چینی سرمایہ کار ساہیوال میں 2جدیدکول پاور پلانٹس لگائیں گے‘ محمد شہباز شریف ،چینی سرمایہ کار ساہیوال میں 660میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس پر مئی میں کام کا آغاز کرینگے،منصوبے کو کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائیگا، پاکستان اورچین کے مابین بڑھتا ہوا اقتصادی اورتجارتی تعاون دونوں ممالک کیلئے سود مند ہے،قوم کو توانائی بحران سے نجات دلائینگے، پنجاب حکومت اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر پیش رفت خوش آئندہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیراعلیٰ شہباز شریف سے نورینکو کے اعلیٰ سطح کے وفدکی ملاقات،توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

جمعہ 11 اپریل 2014 20:26

پنجاب حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے جدید ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) پنجاب حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان ساہیوال میں660-660میگاواٹ کے 2جدید ترین کول پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ۔حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والے فیصلے کے مطابق ساہیوال میں اس منصوبے پر مئی میں کام کا آغاز کیا جائے گا۔کول پاور پلانٹس کے اس منصوبے کو ممکنہ حد تک کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین میں اپنے وفد کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کا منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت کے اس عزم کے گواہی دیتاہے جو ہم نے پاکستان سے بجلی کے اندھیرے دور کرنے کے لیے کررکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب بجلی کے نئے منصوبے لگانے کے ساتھ ساتھ کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں پر بھی تیزرفتاری سے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وہ وقت دور نہیں جب ہم مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ کان کنی کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ پنجاب اوراہل پاکستان کے لیے بڑی خوشخبر ی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ماہرین کے مطابق ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کامنصوبہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع اورجامع پروگرام کا نقطہ آغاز ہوگا۔

اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف گھریلو صارفین کو بجلی میسر آئے گی بلکہ زرعی اورصنعتی مقاصد کے لیے بھی بجلی حاصل ہوگی اور یہ منصوبہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوگا۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے چین کے شہر سنیامیں شین ڈونگ رویائی گروپ اورہوانینگ شین ڈونگ پاورکارپوریشن کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورچین کے مابین بڑھتا ہوا اقتصادی اورتجارتی تعاون دونوں ممالک کے لیے سود مند ہے۔

چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اورہم چین کی ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔چین کی اقتصادی ترقی پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم بھی چین کی ترقی کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان کو بڑ ی معاشی قوت بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبے ملک کی صنعت کے پہیہ کو رواں دواں رکھنے اورقومی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،اس لیے توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران توانائی سیکٹر میں پنجاب حکومت اور چینی سرمایہ کاروں کے درمیان ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کے منصوبوں پر پیش رفت خوش آئندہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے ساتھ ٹیکسٹائل سیکٹر میں چینی گروپ سے قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر تعاون کے حوالے سے طے پانے والے معاہدہ پربھی تیز رفتاری سے بھی کام کیا جائے گا۔چین کا گروپ ٹیکسٹائل سیکٹر میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گاجس سے نہ صرف ٹیکسٹائل کا شعبہ مضبوط ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور قومی معیشت بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لیے آرہی ہیں۔چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔پیشترازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے چین کے شہر باؤ میں معروف صنعتی گروپ نورینکو کے اعلیٰ سطح کے وفدنے ملاقات کی جس میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے دوسرے گھر کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔ 6 عشروں پر محیط پاکستان اورچین کے گہرے برادرانہ تعلقات کو تولا جا سکتا ہے نہ ماپا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی مہمیز ملی ہے۔ پاکستان کی اقتصادی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں بانڈز کے اجرا سے پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی آئی ہے جو ملکی معیشت کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات