خیبرپختونخواحکومت نے وفاقی حکومت سے نئے گیس کنکشنز کے اجراء پر عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کردیا، آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت صوبے کے وسائل پر پہلا حق ہمارا ہے ،کسی کو حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دینگے،شوکت یوسفزئی،دہشت گردی کیخلاف جنگ ہم لڑ رہے ہیں،وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کی مراعات بحال کرے ، بزنس کمیونٹی کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا

جمعہ 11 اپریل 2014 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) صوبائی وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے وفاقی حکومت سے نئے گیس کنکشنز کے اجراء پر عائد پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت صوبے کے وسائل پر پہلا حق ہمارا ہے کسی کو حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ ہم لڑ رہے ہیں ۔وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا کی مراعات بحال کرے ۔

بزنس کمیونٹی کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ انوسٹمنٹ روڈ شو مکمل تیاری کے ساتھ رمضان المبارک کے بعد منعقد کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری کی زیر صدارت چیمبر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق چیمبر کے سابق صدر ملک نیاز احمد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین حاجی اقبال خان عابد اللہ فضل واحد آصف خان عبدالقادر اور حاجی محمد افضل فواد اسحق ضیاء الحق سرحدی صدر گل ملک محمد علی سوہنی سید محمود اور ڈاکٹر خوشحال خان مہمند سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ ممبران کی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امن و امان کی ابتر صورتحال بھتہ خوری کے واقعات اور دہشت گردی سمیت اغواء برائے تاوان کی وارداتوں سے متعلق بزنس کمیونٹی کے تحفظات بیان کئے اور کہا کہ بھتہ مافیا کی وجہ سے صوبے کے سرمایہ کار اپنا سرمایہ دیگر صوبوں میں منتقل کر رہے ہیں اور سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے بزنس کمیونٹی کی کاسٹ آف بزنس میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے سابق حکومت کی جانب سے مالیاتی پیکیج میں دی گئی مراعات واپس لینے کے اقدام کوصوبے کی معاشی ترقی کیلئے افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ نئے پیکیج کے حصول کیلئے مذاکرات کریں۔ انہوں نے نئی انڈسٹریل پالیسی کی فوری تشکیل کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انوسٹمنٹ روڈ شو سے قبل انڈسٹریل منرل اور ہائیڈرل پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔

انہوں نے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون رسالپور کو ریگولر انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دینے صوبے میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام انڈسٹریل اسٹیٹس کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر کی بحالی نئے گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے انڈسٹریل مینجمنٹ کمیٹیوں کے ٹی او آرز تشکیل دینے ، صوبے میں انڈسٹریلائزیشن کے فروغ کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے اورحیات آباد اور گدون انڈسٹریل اسٹیٹس سمیت دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس میں موجود خالی پلاٹ کینسل کرنے اور گدون انڈسٹریل اسٹیٹ سے مشینری کی منتقلی پر عائد پابندی ختم کرنے کے مطالبات پیش کئے ۔

صوبائی وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے پیش کردہ گذارشات اور سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور کہا کہ صوبے کی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون رسالپور کو پاک چائنا اکنامک زون کا درجہ دینے کے معاملے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انوسٹمنٹ روڈ شو مکمل تیاری کے ساتھ رمضان المبارک کے بعد منعقد کیا جائے گا ۔

انہوں نے گیس میں سرپلس ہونے کے باوجود صوبہ خیبر پختونخوا میں نئے گیس کنکشنز پر پابندی پر وفاقی حکومت کو مناظرے چیلنج دیا اور مطالبہ کیا کہ نئے گیس کنکشنز پرعائد پابندی فوری طور پر ختم کی جائے ۔ انہوں نے مالیاتی پیکیج کے حوالے سے وزیراعلیٰ اوروزیراعظم کے چیمبر کے وفد کی ملاقات کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔انہوں نے انڈسٹریل اسٹیٹس مینجمنٹ کمیٹیوں کو فعال بنانے اور ان میں خیبر پختونخوا چیمبر کی مشاورت سے نمائندگی لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں خیبر پختونخوا چیمبر کی مشاورت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :