(ق) لیگ صوبائی حکومت کا ایک اہم حصہ ہے ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،ثناء الله زہری پر مکمل اعتماد ہے،میر عبدالکریم نوشیروانی ،ماضی میں مرکز اور صوبے میں حکومت ہونے کے باوجود ورکروں کو نظر انداز کیا گیا ،اب وہ صورتحال نہیں ،کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،رکن بلوچستان اسمبلی

جمعہ 11 اپریل 2014 19:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اپریل۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) صوبائی حکومت کا ایک اہم حصہ ہے اور ہمیں وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور سینئر وزیر نواب ثناء الله زہری پر مکمل اعتماد ہے ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت ان دو قائدین کی رہنمائی سے صحیح سمت پر جارہی ہے مسلم لیگ (ق) صوبے میں جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں فعال اور منظم ہورہی ہے مئی کے آخر میں پارٹی ورکرز کا کنونشن بلایا جائے گا جس میں مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل مشاہد حسین کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

یہ بات اُنہوں نے یہاں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ق) ڈرائنگ روم کی زینت بنی ہوئی تھی مگر ہم مسلم لیگ(ق) کو ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہر لائیں گے اسی لئے ہم نے پارٹی ورکرز کا کنونشن بلایا ہے جس میں کارکنوں کی شکایات کو دور کیا جائے گا اور مایوسی کی جو لہر ہے اسے ختم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل ایک مخلص شخص ہیں اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ پارٹی کو صوبے میں فعال اور منظم بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم کوئٹہ میں پارٹی کا ایک رابطہ آفس بھی قائم کررہے ہیں جس میں وہ خود اور شیخ جعفر خان مندوخیل بیٹھا کریں گے اور ورکروں کو وقت دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ کارکنوں کے جو جائز مسائل ہونگے انہیں حل کیا جائے گا اور ماضی میں جس طرح سے مرکز اور صوبے میں حکومت ہونے کے باوجود ورکروں کو نظر انداز کیا گیا تھا اب وہ صورتحال نہیں کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہی پارٹی کی طاقت ہوتے ہیں ہم ورکروں کی نشاندہی پر ملازمتیں بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواب ثناء الله زہری کی بلوچستان میں اپنی حیثیت ہے (ق) لیگ نے(ن) لیگ کا ساتھ اسی بنیاد پر دیا ہے ہم آخری دم تک ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے ۔