پاک فوج ملک کے دفاع کی ضامن ،سرحدوں کی محافظ ہے ،سید بازل نقوی

جمعہ 11 اپریل 2014 16:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات زراعت ،لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کی ضامن اور سرحدوں کی محافظ ہے ،جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے سپہ سالار کی حیثیت سے ملک وقوم کے لیے جو گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فوج نے وطن عزیز کی سلامتی ، تحفظ، قدرتی آفات کے دوران لوگوں کی امداد کے حوالے سے جو اقدامات کیے اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو ایسے حالات میں پاک فوج کی کمان سنبھالنی پڑی جب ملک مختلف محاذوں پر کئی مسائل کا شکار تھادہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کئی محازوں پر چیلنجوں کا سامنا تھا اور اندرونی وبیرونی طور پر کئی خطرات منڈلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے انتہائی دانشمندی، بردباری اور دلیری کے ساتھ ان چیلنجوں کا سامنا کیا اور تمام اہداف کو درجہ بدرجہ حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بھی ان کا کردار لائق تحسین ہے ۔ انہوں نے ایک روشن، مستحکم اور جمہوری پاکستان کے لیے جو کام کیا ہے وہ انتہائی غیر معمولی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج کے سپہ سالار نے انتہائی صبروتحمل کے ساتھ ادارہ جارتی میکانزم کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے بین الاقوامی طور پر بھی پاک فوج کے امیج کو مضبوط بنایا اور ہر موقع پر ملکی وقار کو سربلندر کھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے بطور سپہ سالار جس طرح پاک فوج کے وقار کو بلند رکھا ہے اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :