لکی مروت ،احمدزئی اور کرم پار کے سابق یونین نمائندوں اور مشران علاقہ کے وفد کی ہمایوں سیف اللہ ، سلیم سیف اللہ سے ملاقات

جمعہ 11 اپریل 2014 16:58

لکی مروت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء)لکی مروت کے علاقے احمدزئی اور کرم پار سے تعلق رکھنے والے سابق یونین نمائندوں اور مشران علاقہ پر مشتمل مختلف وفود نے سابق رکن قومی اسمبلی ہمایوں سیف اللہ خان اور پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق و فاقی وزیر سلیم سیف اللہ خان سے جمعہ کوکیمپ آفس اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وفو دنے احمدزئی اور کرم پار علاقوں کیلئے ان کی کوششوں سے منظور شدہ بجلی فیڈرز منصوبوں پر کام کے آغاز پر سیف اللہ برادران وفاقی حکومت اور واپڈ ا حکام کا تہہ دل سے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بجلی فیڈرز منصوبوں پر کام کا آغازکرکے سیف اللہ برادران نے اہلیان علاقے کے عوام کی دل جیت لیئے ہیں اس موقع پر وفود نے عوام کو درپیش بجلی کی لو ڈشیڈنگ سمیت پانی و دیگر عوامی مسائل ، مشکلات سے برادران کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

سیف اللہ برادران نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان اقتدار کے بغیر بھی ضلع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی و فلاح وبہبو دکیلئے ہر فورم پر بھر پور کردار ادا کررہے ہیں تاہم ا گر ان کے مخالفین ضلع سے پسماندگی کو دور کرنے اور عوام کی خوشحالی و ترقی کیلئے کچھ کرتے تو لکی مروت اس قدر پسماندہ نہ ہوتا ۔ انہوں نے کہا وہ اس بات پر انتہائی خوشی محسوس کررہے ہیں کہ ان کے کوششوں سے عوام کے دیرینہ مطالبات پورا ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلع لکی مروت میں پاوٴر سیکٹر منصوبوں کی تکمیل سے ضلع میں بجلی کے نظام میں کافی بہتری آئیگی انہوں نے ضلع لکی مروت میں بجلی کی جاری بے تحاشہ لو ڈشیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا حکام کو ہدایت کہ وہ ضلع لکی مروت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کریں بصورت دیگر وہ اس معاملا کو وفاقی وزیر پانی و بجلی کے نوٹس میں لائیں گے۔