درختوں کی بے دریغ کٹائی ،شجرکاری کے متعلق شعور و آگہی کے فقدان کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل بڑھ رہے ہیں‘ پرویز ملک

جمعہ 11 اپریل 2014 16:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ جنگلات اور درخت نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ضروری ہیں بلکہ معاشی حوالے سے بھی ان کا کردار بہت اہم ہے ، پاکستان میں جنگلات کا حجم بہت کم ہے جس کے تحفظ اور اس میں اضافے کے لیے سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شجرکاری مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، اراکین پنجاب اسمبلی چودھری شہباز، غزالی بٹ، رُکن قومی اسمبلی مہر اشتیاق ، طلباء و طالبات، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نے کہا کہ دنیا کے اکثر ممالک جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کرکے دن بدن بدلتی ماحولیاتی صورتحال کو کنٹرول کررہے ہیں لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے ، درختوں کی بے دریغ کٹائی اور عوامی سطح پر شجرکاری کے متعلق شعور و آگہی کے فقدان کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ پرویز ملک نے کہا کہ صورتحال کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے حکومت شعبہ جنگلات کی طرف خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ ایک طرف تو ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پایا جاسکے اور دوسری طرف کاغذ، گتہ اور فرنیچر وغیرہ بنانے والی صنعتوں کو بھی خام مال ملتا رہے۔

پرویز ملک نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جنگلات کا رقبہ بڑھانے اور درختوں کی تباہی روکنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کمرشل پیمانے پر جنگلات اُگاکر بہت زیادہ معاشی فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ پرویز ملک نے شجرکاری مہم شروع کرنے پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔