سبزی منڈی دھماکہ ، تفتیش کاروں کو حاصل ہونے والی تفصیلات سے یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے دعوے کی تصدیق ہوگئی

جمعہ 11 اپریل 2014 15:06

سبزی منڈی دھماکہ ، تفتیش کاروں کو حاصل ہونے والی تفصیلات سے یونائیٹڈ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء)اسلام آباد دھماکے کے تفتیش کاروں کو حاصل ہونے والی تفصیلات سے یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے دعوے کی تصدیق ہوگئی ہے کہ سبزی منڈی میں دھماکہ ان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ابتداء میں کالعدم یو بی اے کے دعویٰ کو مسترد کردیا تھا تاہم نجی ٹی وی کے مطابق تحقیقات سے آگاہ حکام نے بتایا کہ خصوصاً بلوچستان کا صوبائی محکمہ پولیس اور فرنٹیئر کور نے یو بی اے کے مجرمانہ اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں سے حاصل ہونے والے عسکریت پسند تنظیموں کی کارروائی کے مختلف طریقہ کار اور ان کے پروفائلز سے اس ہلاکت خیز واقعہ کی تفتیش میں پولیس کو کافی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

حکام میں سے ایک نے بتایا کہ یو بی اے کو وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی دہشت گرد سرگرمی میں ملوث نہیں پایا گیا تھاتاہم اس کے دعوے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بلوچستان لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو سوات، بونیر اور باجوڑ میں فوج کے خلاف لڑائی میں مبینہ طور پر ملوٴث ہونے کی وجہ سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔جب ان کی توجہ وزارتِ داخلہ کے اس بیان کی جانب مبذول کروائی گئی کہ یو بی اے سبزی منڈی کے بم دھماکے میں ملوث نہیں تھی تو مذکورہ اہلکار نے کہا کہ تفتیش کار اس سے آگاہ نہیں تھے۔

مذکورہ اہلکار نے کہا کہ چونکہ تفتیش ابتدائی مراحل میں تھیں، اسی بناء پر کسی بھی تنظیم کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جاسکتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یو بی اے پر توجہ اس لیے مرکوز ہوئی تھی کہ اس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس دعوے کی وجہ سے ہی تفتیش کار ان بلوچ افراد کو تلاش کررہے ہیں جو فروٹ کے کاروبار سے منسلک تھے۔حکام نے کہا کہ ان دہشت گردوں کا پتہ لگایا جاسکتا ہے، جو اس دھماکے میں ملوث تھے، ایسا اس لیے ممکن ہے کہ اس بم کوریموٹ کنٹرول کے ذریعے اْڑایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکہ خیز ڈیوائسز کو موبائل فون سمیت مختلف آلات کے ذریعے اْڑایا جاتا ہے۔وہ شخص جس نے بم کو اْڑایا قریبی علاقے میں موجود تھا، اور اسے موبائل فون نمبروں کی جیو فینسنگ کے ذریعے تلاش کیا جاسکتا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ سبزی منڈی کے اردگرد کام کرنے والے موبائل فون نمبروں کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ پولیس نے دس مشتبہ لوگوں کو قبولہ اور تین کو وہاڑی سے گرفتار کیا گرفتار ہونے والوں سے ایک منی ٹرک کی شناخت کروائی گئی تھی، جس کے بارے میں خیال تھا کہ اس میں دھماکہ خیز مواد لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ امرود کے فارمرز، تاجر اور ٹرانسپورٹرز تھے۔شبہ کی بنیاد پر پچیس افراد کو اسلام آباد سے اْٹھایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی کے تاجروں نے ان کو دھماکے کے وقت مشتبہ حالت میں گھومتے دیکھا تھا۔تفتیش کار اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ دھماکہ خیز ڈیوائس ٹرک میں رکھ کر لائی گئی تھی یا پھر پھلوں کے ساتھ رکھ دی گئی تھی۔