وکیل وقار الحسن اور ڈاکٹر رضا حیدر کے قتل میں ایک ہی گروہ ملوث ہے، پولیس

جمعہ 11 اپریل 2014 12:21

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اپریل 2014ء) پولیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گلشن اقبال میں قتل ہونے والے وکیل وقار الحسن زیدی اور گلستان جوہر میں قتل ہونے والے ڈاکٹر رضا حیدر کے قتل میں ایک ہی گروہ ملوث ہے۔

(جاری ہے)

مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وکیل وقار الحسن زیدی اور ڈاکٹر رضا حیدر کے قتل میں ایک ہی گروہ ملوث ہے، دونوں افراد کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے بعد قتل کیا گیا، جائے وقوعہ سے گولیوں کے جو خول ملے ہیں وہ ایک ہی پستول نائن ایم ایم کے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کے لئے شواہد فرانزک لیبارٹری بھیجے جائیں گے جس کے بعد کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن اقبال بلاک 7 میں فائرنگ کر کے مسلم لیگ (ن) لائرز ونگ کے نائب صدر وقار الحسن زیدی کو قتل کر دیا گیا تھا جب کہ اس سے ایک روز قبل گلستان جوہر میں بھی ڈاکٹر رضا حیدر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :