پرویز مشرف کی والدہ کو طبیعت بہتر ہونے پر اسپتال سے دبئی ان کے گھر منتقل کردیا گیا

جمعرات 10 اپریل 2014 22:03

پرویز مشرف کی والدہ کو طبیعت بہتر ہونے پر اسپتال سے دبئی ان کے گھر منتقل ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ کی طبعیت بہتر ہونے پر انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ زریں مشرف کی طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں شارجہ کے ولسن اسپتال سے دبئی ان کے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔ انچارج ولسن اسپتال ڈاکٹر قیس کے مطابق پرویز مشرف کی والدہ کی حالت میں کافی حد تک بہتری آئی ہے جس کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کیا گیا ہے، زریں مشرف کو اسپتال سے برج خلیفہ کے قریب ڈاؤن ٹاؤن کے گھر میں منتقل کیا گیا ہے۔

دبئی میں مقیم سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ کی طبیعت 29 مارچ کو خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں فوری طور پر شارجہ کے ڈبلیو ولسن اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر دائر کیے گئے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں لیکن والدہ کی طبیعت میں خرابی کے باعث انہوں نے اپنی والدہ سے ملنے کے لیے عدالت سے اجازت مانگی تھی جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ سابق صدر کا نام حکومت کی طرف سے ای سی ایل میں ڈالا گیا اور وہی ان کا نام نکالنے کا اختیار رکھتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت اس حوالے سے کئی اجلاس ہوئے جس میں لیگی رہنماؤں نے انہیں مشورہ دیا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالا جائے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ نے خط کے ذریعے سابق صدر کو آگاہ بھی کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :