دہشتگرد کسی ایک فرد کے نہیں پوری قوم کے دشمن ہیں‘ نواز شریف کی کوششوں کی بدولت ملک میں بہت جلد پائیدار امن قائم ہو جائیگا،حمزہ شہباز شریف ،ان ماؤں ، بہنوں، بیٹیوں ، والدین اور بیٹوں کے دکھ کو محسو س کر سکتا ہوں جن کے پیارے دہشگردی کا شکار ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ،رکن قومی اسمبلی کی ہولی فیملی اور پمز ہسپتالوں میں سبزی منڈی بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت ،75ہزار روپے فی کس امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے

جمعرات 10 اپریل 2014 20:48

اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل۔2014ء) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی ایک فرد کے نہیں بلکہ پوری قوم کے دشمن ہیں میں ان ماؤں ، بہنوں، بیٹیوں ، والدین اور بیٹوں کے دکھ کو محسو س کر سکتا ہوں جن کے پیارے دہشگردی کا شکار ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ، وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف پوری نیک نیتی اور بھرپور قائدانہ صلاحیتوں سے امن کی راہ تلاش کرنے کیلئے سر گرداں ہیں،قوم کو وزیر اعظم نواز شریف سے قوی امید ہے کہ ان کی کوششوں کی بدولت ملک میں بہت جلد پائیدار امن قائم ہو جائے گا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔

انہوں نے یہ بات راولپنڈی اور اسلام کے ہولی فیملی اور پمز ہسپتالوں میں زیر علاج سبزی منڈی بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامی افسران موجود تھے ۔حمزہ شہباز شریف نے زیر علاج بم دھماکے کے زخمیوں کے پاس جا کرفردا فردا ان کی مزاج پرسی کی ۔

انہوں نے زخمیوں سے ان کو حاصل طبی سہولیات اور علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کومتاثرہ افرادکیلئے ہر ممکن طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ حمزہ شہباز شریف نے زخمیوں میں 75ہزار روپے فی کس امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ ا س موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کی راہ پر گامزن ہے بعض عناصر اس عمل میں روڑے اٹکارہے ہیں۔

لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا کر پاکستان میں پائیدار امن یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کے لئے ہر حربہ استعمال کر سکتا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں دہشت گرد ی پوری قوم کا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے نیک نیتی کے ساتھ شروع کئے گئے مذاکرات کا عمل آگے بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ مذاکرات سے امن کا راستہ ضرور نکلے گا۔انہوں نے افواج پاکستان اور پولیس کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں پر کھیل کر دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اگرچہ زخم خوردہ ہے لیکن ہم صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے اور ہر وہ آپشن استعمال کریں گے جو پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلا سکے۔ سبزی منڈی دھماکے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اس سانحے کے بارے میں انکوائری کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور جو ملزمان بھی اس میں ملوث پائے گئے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔