Live Updates

پی ٹی آئی کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،سکندرشیرپاؤ

جمعرات 10 اپریل 2014 17:53

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) قومی وطن پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سکندر حیات خان شیرپاوٴ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے کیونکہ تبدیلی کے حوالے سے گزشتہ الیکشن میں عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسبنڑ لوئر دیرمیں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے سابقہ نائب ناظم معاذاللہ خان،تحصیل صدر شباب ملی فضل حمید اور سجاد خان نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سابق صوبائی وزیربخت بیدار خان ایم پی اے اور فضل رحمان نونو کے علاوہ دیگر صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپاؤ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہی کی بدولت صوبہ اورعوام کے مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں،امن و امان کا مسئلہ مزید سنگین ہو رہا ہے اور پی ٹی آئی کی نااہلی کی وجہ سے صوبہ معاشی طور پر مفلوج ہو چکا ہے جبکہ حکومت کی کارکردگی محض بیانات تک محدود ہے اور9ماہ گزرنے کے باوجود عوام کو کسی بھی قسم کی ریلیف نہیں دی گئی۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے بجلی کے خالص منافع اور صوبہ کے حقوق کے حصول کیلئے عملی اقدامات کا فقدان ہے اورصوبہ میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے لیکن صوبائی حکومت نے اس مسئلے کے حل کیلئے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا۔

انھوں نے کہا کہ صوبے کے عوام پر مزید تجربات کی بجائے انھیں تمام سطحوں پر ریلیف دیکر امن و امان کے مسئلہ کے حل کیلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام نے امن کے قیام کیلئے بیش بہا جانی و مالی قربانیاں دی لیکن ان کی قربانیوں کی کوئی قدر نہیں کی گئی۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے تباہ حال انفراسٹرکچر اور عوام کی بحالی و آباد کاری یقینی بنانے کیلئے ایک خصوصی پیکج کااعلان کیا جائے تاکہ یہاں پر پائی جانے والی مایوسی و محرومی کا خاتمہ ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختون قوم کی فلاح و بہبود ،امن،ترقی اور خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کر تی رہے گی۔انھوں نے کہا کہ ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اورصوبہ خیبر پختونخوا اورپختون قوم کو بحرانوں سے نکالنے اور ترقی،خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :