مارکیٹ میں حکومت کے مقررہ نرخوں پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے‘ وزیر خوراک پنجاب

جمعرات 10 اپریل 2014 17:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ عوام کو آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد ہورہا ہے اور مارکیٹ میں حکومت کے مقررہ نرخوں پر آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کا سروے روزانہ کی بنیاد پر کیا جارہا ہے اور جن علاقوں میں آٹے کی طلب زیادہ محسوس کی جاتی ہے وہاں فوری طور پرخصوصی سپلائی کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے جس کی یومیہ اوسط پندرہ ٹرک ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو وافر ، سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنے کے لئے صوبہ بھر کے اضلاع میں مزید سستے بازاروں کا انعقاد کررہی ہے اس وقت ضلع لاہور میں 10سستے بازار لگائے جاتے ہیں جن میں سہولت و سستے بازاروں کے علاوہ بدھ، جمعہ اور اتوار بازار بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ 09اپریل 2014 ء کو مذکورہ بالا بازاروں میں 10750بیس کلو آٹے کے تھیلے فراہم کئے گئے تھے جن میں سے 6074تھیلے فروخت ہوئے جبکہ 4676تھیلے فروخت ہوئے بغیر واپس ہوئے۔لہٰذا یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے اور حکومت کے مقررہ نرخ 785روپے فی بیس کلو گرام تھیلا آٹا فروخت کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :