سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اور پنجاب پولیس سے دو لاپتہ افراد سے متعلق الگ الگ رپورٹس طلب کرلیں

جمعرات 10 اپریل 2014 17:42

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اور پنجاب پولیس سے دو لاپتہ افراد سے متعلق ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اور پنجاب پولیس سے دو لاپتہ افراد سے متعلق الگ الگ رپورٹس طلب کرلی ہیں۔ جمعرات کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے بتایا کہ محمد سیاب کو 5سال قبل مردان پولیس گرفتار کرکے لے گئی تھی، آٹھ دن پہلے لواحقین کو فون آیا کہ سیاب مردان پولیس اسٹیشن میں ہیں تاہم جب وہاں گئے تو محمد سیاب پولیس اسٹیشن میں نہیں تھے۔

عدالت نے کے پی کے پولیس سے محمد سیاب کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔عدالت نے لاہور سے لاپتہ شخص حسن عبداللہ کے بارے میں پنجاب پولیس کو (آج) جمعہ تک رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دی۔ جسٹس جواد خواجہ نے کہا کہ چھ دسمبر دوہزار تیرہ کو عدالت نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ مانگی تھی جو ابھی تک جمع نہیں ہوئی۔ کیس کی مزید سماعت (آج)جمعہ کو ہوگی۔