فوج ہمارے ملک میں بے شمار خدمات سر انجام دے رہی ہے ،تنقید سمجھ سے بالا تر ہے ، طاہر مشہدی

جمعرات 10 اپریل 2014 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا ہے کہ فوج ہمارے ملک میں بے شمار خدمات سر انجام دے رہی ہے ،وزیردفاع پاکستان افواج کی نمائندگی کرتے ہوئے فوج کی ترجمانی کریں ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی فوج ہماری عوام سے ہے اور ہمارے ملک کی فوج ہے وہ کہیں باہر سے نہیں آئی ہے۔

فوج ہمارے ملک میں بے شمار خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ ہماری افواج دنیا کی بہترین اور بہادر ترین افواج میں سے ہے دنیا میں کسی فوج نے اتنی قربانی نہیں دی ہے جتنی پاکستان آرمی نے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں بدقسمتی سے ایک رواج چل نکلا ہے کہ فوج کو گالی دی جائے اور خوب برا بھلا کہاجائے۔ ہمارے وزیر دفاع کو چاہئے کہ وہ افواج پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انکی ترجمانی کریں ناکہ انکے مورال کو ڈاوٴن کرنے کے لئے اس قسم کے بیانات دیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے افواج پاکستان آئین پاکستان کے مطابق اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں تاہم اس کے باوجود ان پر کی جانے والی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے پانچ جنگیں ہاریں تاہم اس کے باوجود کوئی امریکی اپنی افواج کو گالی نہیں دیتا تاہم اس ملک میں فوج پر حد سے زیادہ لعن طعن کی جاتی ہے۔

ہمارے لوگ انتہائی بہادری سے دہشتگردی کا سامنا کررہے ہیں اب تک ہمارے ساٹھ ہزار سے زائد لوگ اس جنگ کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ وفاقی وزرا کبھی بھی ذاتی حیثیت میں بیان نہیں دیتے کیونکہ وہ جب بات کرتے ہیں تو حکومت کی نمائندگی کررہے ہوتے ہیں لہذا انہیں چاہیے کہ وہ سوچ سمجھ کربیانات دیں تاکہ بعد میں ہزیمت نہ ہو۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہونے والے بم دھماکے میں جو لوگ شہید ہوئے یہ انتہائی افسوسناک بات اور واقعہ ہے اور بلاشبہ یہ ہمارے انٹلیجنس اداروں کی ناکامی ہے لہذا حکومت کو ان ایجنسیوں کے نیٹ ورک کو بھی بہتر بناناہوگا تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔

اگر طالبان نے یہ بم دھماکے نہیں کئے ہیں تو پھر جس گروہ نے دھماکے کئے ہیں کیا اب ان سے بھی مذاکرات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :