قومی تیر اندازی چمپئن شپ آئندہ ماہ 5 مئی کو کھیلی جائے گی

جمعرات 10 اپریل 2014 14:24

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء)پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان آرچری فیڈریشن کے تعاون سے قومی تیر اندازی چیمپئن شپ آئندہ ماہ 5 مئی کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری ویصال خان کے مطابق پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن چیمپئن شپ کا افتتاح کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک کے تمام صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، فاٹا، پاکستان ریلویز، پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ سے 8 بہترین تیر اندازوں کو تربیتی کیمپ کیلئے مدعو کیا جائے گا جو رواں برس ستمبر میں کوریا میں شیڈول ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔