نئی حج پالیسی کا اعلان، پیکیج 2 لاکھ 72ہزار مقرر، حجاج خود قربانی کر سکیں گے

جمعرات 10 اپریل 2014 13:59

نئی حج پالیسی کا اعلان، پیکیج 2 لاکھ 72ہزار مقرر، حجاج خود قربانی کر ..

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اپریل 2014ء) وزارت مذہبی امور کی طرف سے حج پالیسی 2014 کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ رواں سال کل ایک لاکھ43 ہزار368 پاکستانی فریضہ حج ادا کرینگے، ان میں سے 56 ہزار سرکاری اسکیم جبکہ86 ہزار سے زائد پرائیویٹ اسکیم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔ رواں سال سرکاری حج سکیم کیلیے ایک ہی کیٹگری رکھی گئی ہے۔

کوئٹہ، کراچی اور سکھر سے 2 لاکھ62 ہزار231 روپے جبکہ دیگر شہروں سے 2 لاکھ72 ہزار 231 روپے کا پیکیج مختص کیا گیا ہے۔ وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے حج پالیسی کے حوالے سے گزشتہ روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں رواں ماہ21 اپریل سے بینکوں کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر حج درخواستوں کی منظوری دی جائیگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ قربانی حجاج خود کرسکیں گے جس کیلیے انھیں اسلامی بینک میں ساڑھے 14ہزار روپے جمع کرانے ہونگے۔ رواں سال کسی نئے ٹور آپریٹر کو حج کوٹا الاٹ نہیں کیا جائیگا ۔

تاہم 5 ہزار کا کوٹا ہارڈ شپ کیسز کیلیے مختص کیا گیا ہے۔ سردار یوسف نے بتایا کہ تمام عازمین حج مخصوص فضائی کمپنیوں کے ذریعے حجازمقدس جا سکیں گے۔ شمالی زون سے حج کرایہ ایک لاکھ7,700 جبکہ جنوبی زون سے حج کرایہ 97,700 مختص کیا گیا ہے۔

سرکاری اسکیم کے تحت حجاج کی نصف تعداد براہ راست مدینہ منورہ جا سکے گی جوحاجی دوران حج انتقال کر جائینگے ان کے لواحقین کو رواں سال وزارت کی طرف سے 5 لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا جائیگا۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران حج اداکرنیوالے شخص کو رواں سال حج پر نہیں بھجوایا جائیگاتاہم محرم اور حج بدل کرنیوالے افراد اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار یوسف نے بتایا کہ رواں سال کسی شخص کو بھی مفت حج نہی کرایا جائیگا۔انھوں نے بتایا کہ گزشتہ حج کے دوران54 کمپنیوں کیخلاف شکایات موصول ہوئی تھیں جن کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :