عالمی اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے،آئی ایم ایف، پاکستان میں بھی معاشی حالات بہترہورہے ہیں،اگرایسے ہی اقدامات کیے گئے تو مزید بہتری آئیگی،آئی ایم ایف کے سرکردہ ماہر اقتصادیات بلانشارکی پریس کانفرنس

بدھ 9 اپریل 2014 22:11

عالمی اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے،آئی ایم ایف، پاکستان ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے خوشخبری دی ہے کہ عالمی اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، یورو زون کی معیشت میں بہتری پر جرمنی لائق تعریف ،لیکن خطرات ابھی بھی موجود ہیں،پاکستان میں بھی معاشی حالات بہترہورہے ہیں اوراگرایسے ہی اقدامات کیے گئے تواس میں مزید بہتری آئیگی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے سرکردہ ماہر اقتصادیات اولیویے بلانشارنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی اقتصادی ترقی میں بہتری اب مضبوط بنیادوں پر استوار ہو چکی ہے اپنے اس دعوے کی تائید میں مثبت اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رواں برس عالمی معیشت میں ترقی کی شرح 3.6 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ آئندہ برس نمو کی یہ شرح بڑھ کر 3.9 فیصد تک پہنچ جائے گی، گزشتہ برس کی شرح 3.3 فیصد پر نظر ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس ترقی کے پیچھے امریکا کی بحال ہوتی ہوئی معیشت کے ساتھ ساتھ ایشیا کی ابھرتی ہوئی منڈیاں اور جنوبی صحارا کے ممالک بھی کار فرما ہیں۔ ان کے مطابق ایسے بہت سے اشارے ہیں کہ عالمی معیشت کی بحالی جاری رہے گی،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھی معاشی حالات بہترہورہے ہیں اوراگرایسے ہی اقدامات کیے گئے تواس میں مزید بہتری آئیگی۔