جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ اکرم نااہل قرار

بدھ 9 اپریل 2014 18:58

جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ اکرم نااہل قرار

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اپریل۔2014ء) الیکشن ٹریبونل نے جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدوار شیخ اکرم کو نااہل قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد اس حلقے میں ضمنی انتخابات کرانے کی ہدایت کی ہے۔ شیخ اکرم کی کامیابی کے خلاف ان کے مد مقابل امیدوار مولانا احمد لدھیانوی نے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذر داری دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شیخ اکرم کے خلاف کئی مقدمات درج ہونے کے علاوہ وہ بینک کے نادہندہ بھی ہیں اس لئے ان کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے، الیکشن ٹریبونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ اکرم کی نااہل قرار دیتے ہوئے این اے 89 کی نشست کو خالی قرار دے دیا ہے، الیکشن ٹریبونل نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے حلقے میں جلد از جلد ضمنی انتخابات کرائے جائیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شیخ اکرم شیخ وقاص اکرم کے والد ہیں، شیخ وقاص مسلم لیگ(ق) کی حکومت میں وزیرتعلیم کے عہدے پر فائز رہے جب کہ سابق حکومت میں جب پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ(ق) کا اتحاد ہوا تو وہ وزیرمملکت رہے تاہم جیسے ہی حکومت کی مدت پوری ہوئی شیخ وقاص نے بھی چڑھنے سورج کی پوجا کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی تاہم جعلی ڈگری کے معاملے پر وہ انتخابی دنگل میں نہیں اتر پائے۔