سبی اور اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

بدھ 9 اپریل 2014 15:25

سبی اور اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد صوبہ بھر میں سکیورٹی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اپریل 2014ء) سبی اور اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ، بڑے شہروں کے داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ۔ آئی جی پنجاب پولیس نے سبی ریلوے اسٹیشن اور اسلام آباد سبزی منڈی میں دھماکے کے بعد پنجاب بھر میں سبزی اور فروٹ منڈیوں سمیت سرکاری،نجی اہم عمارتوں اور پبلک مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب پولیس خان بیگ نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور پنجاب بھر میں تمام سبزی اور فروٹ منڈیوں سمیت تمام سرکاری و نجی اہم عمارات اور پبلک مقامات پر پولیس افسران کو سکیورٹی اور پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔آئی جی پنجاب نے تمام شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت لگائے گئے ناکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کو بھی مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس افسران کو اپنے علاقوں میں سرچ آپریشن اور متعلقہ اداروں سے رابطوں کو موثر بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :