آصف علی زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا،چودھری عبدالمجید 5 سالہ مدت پوری کرینگے، پارلیمانی پارٹی سے باہر بیٹھے دیوانے کے خوا ب دیکھ رہے ہیں، سابق صدر،(ن) لیگ آزاد کشمیر میں سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنا چاہتی ، امید ہے معاملات میں مداخلت نہیں کریگی، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی کاآزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 8 اپریل 2014 20:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن و سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی تبدیلی کے کسی بھی امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چوہدری عبدالمجید ہی وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی 5 سالہ مدت پوری کرینگے پارلیمانی پارٹی سے باہر بیٹھا اگر کوئی تبدیلی کے خواب دیکھ رہا ہے تو یہ ایک دیوانے کاخواب ہے مرکزپاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیرکی پشت پر ہے ۔

وہ منگل کے روز یہاں بلاول ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم کی تبدیلی نہیں ہوگی ۔ چوہدری عبدالمجید کو پارٹی نے 5 سال کیلئے وزیراعظم نامزد کیا تھا اور وہ اپنی مدت پوری کرینگے ۔

(جاری ہے)

شریک چیئرپرسن نے کہاکہ ان کے خیال میں وفاقی حکومت یا مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے اندر سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنا چاہتی اور وہ آزاد حکومت کے معاملات میں مداخلت نہیں کریگی ۔

آصف علی زرداری نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ پارٹی کے اندر کسی بھی قسم کے اختلافات کو مل بیٹھ کر اتفاق و اتحاد کے ساتھ پارٹی دور کرتی ہے۔ پارٹی کے شریک چیئرپرسن نے آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز اور مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ جات سے منتخب پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی سے الگ الگ ملاقات کی ۔سب سے پہلے مظفر آباد ،پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی ، پھر میرپور ڈویژن اور آخر میں کشمیری مہاجرین کے حلقہ جات سے منتخب ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ شریک چیئرپرسن نے تمام حلقہ جات میں تعمیر و ترقی کا عمل تسلسل سے جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے فنڈز کی فراہمی میں افراط و تفریط ختم کرنے اور یکساں طور پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی قبل ازیں پارلیمانی پارٹی کے ارکان جب بلاول ہاؤس پہنچے تو رضوان قریشی اورسینئر مشیر چوہدری محمد ریاض نے شرکاء کا استقبال کیا اور چیئرمین پارٹی کی طرف سے شرکاء کو ضیافت دی ۔