پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ،بہت جلد اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال اقوام میں ہو گا‘ چوہدری محمد سرور ،قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کیا ہے، امن و امان کی صورت ِحال کو یقینی بناکر ان وسائل سے بہتر طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے،بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے اور متبادل ذرائع پر غور کیا جا رہا ہے ‘ چوہدری محمد سرور کی وفد سے گفتگو

منگل 8 اپریل 2014 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور بہت جلد اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال اقوام میں ہو گا،قدرت نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے مالا مال کیا ہے، امن و امان کی صورت ِحال کو یقینی بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دے کر ان وسائل سے بہتر طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے پاکستان نیشنل فورم کے سترہ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے فورم کے صدر کرنل (ر) اکرام اللہ خاں کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن مسائل کا شکار ہے اس کی اصل وجہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت اورموثر منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی قیادت نے اقتدار سنبھالتے ہی ملکی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا ہے اور معیشت کے شعبے میں سامنے آنے والے اشارے حوصلہ افزا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ، غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی پذیرائی حکومت کی انہی اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے اور متبادل ذرائع پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ صنعت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے موثر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو صحیح معنوں میں خوشحال بنانے کے لیے ہمیں خود انحصاری اوراپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا جبکہ اداروں سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے احتساب کا کڑا نظام نافذ کرنا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کر کے پاکستانی ایکسپورٹ کو کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے جس کے بعد ہمیں نہ کسی بیرونی قرضے کی ضرورت ہو گی اور نہ ہی عالمی امدادکی ۔

وفد میں شامل ماہرین نے ملک میں محتلف شعبوں کی ترقی اور ان میں بہتری کے لیے تجاویز دیں اور اس مقصد کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ بعد ازاں ، پاکستان سے سبکدوش ہونے والے سوئٹز رلینڈ کے سفیر کر سٹو فر بُب نے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور سے الوداعی ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان بہتر تجارتی اور اقتصادی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مصبوط تر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ سوئٹزر لینڈ پاکستان میں محتلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور انرجی ، انفراسٹرکچر اور تعلیم سمیت مختلف شعبو ں میں تعاون کو مزید وسعت دے رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سوئٹز ر لینڈ کے سفیر کرسٹوفر بُب نے پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردارادا کیا ہے اور ان کے دور میں اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہیں ۔

سوئٹزر لینڈ کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو یاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانیوں کی زندہ دلی ، خصوصا اہل لاہور کی روایتی میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ دریں اثناء،ینگ لائرز فورم کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کویقینی بنائے بغیر ملک کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جا سکتا اور نوجوان اس سلسلے میں اپنا موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ دیگر شعبوں کی طر ح وکالت میں بھی نوجوانوں کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان کا خواب ایک وکیل نے دیکھا اور اس کو شرمندہ تعبیر بھی ایک وکیل نے کیا ، اب اس کی تعمیر و ترقی میں بھی وکلا ء ہی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ عدلیہ بحالی کی تحریک میں نوجوان وکلاء نے جس قومی جذبے کا مظاہرہ کیا اس سے دنیا کو یہ پیغام گیا ہے کہ پوری قوم ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔ینگ لائرز فورم کے صدر حسن جاوید نے نوجوان وکلاء کو درپیش مسائل کے بارے میں گورنر پنجاب کو آگاہ کیا ، گورنر پنجاب نے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔