لوڈشیڈنگ میں اضافہ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کوووٹ دینے کی سزا ہے ،شرجیل انعام میمن ،وفاقی حکومت سے احتجاج اور اپیل ہے وہ سندھ کے لوگوں کیساتھ ایسا سلوک نہ کرے،وزیر اطلاعات کا نکتہ اعتراض پر بیان

منگل 8 اپریل 2014 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اپریل۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں لوڈشیڈنگ بڑھا دی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے پر سندھ کے لوگوں کو سزا دی جارہی ہے۔ وہ منگل کو سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیر النساء مغل کے نکتہء اعتراض پر بیان دے رہے تھے۔ خیر النساء مغل نے کہا کہ میر پورخاص میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 9 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہا کہ یہ صرف میر پور خاص کی شکایت نہیں ہے۔ پورے سندھ کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہم اس پر وفاقی حکومت سے احتجاج کرتے ہیں اور اپیل کرتے ہیں کہ وہ سندھ کے لوگوں کیساتھ ایسا سلوک نہ کرے۔ اگر انہوں نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے تو اس پر انہیں سزا نہیں ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کیساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ وفاقی حکومت اس صورت حال پر غور کرے۔