لائلپور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کرکٹ کے گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں کے ٹرائلز 11 اپریل کو شروع ہونگے

منگل 8 اپریل 2014 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اپریل 2014ء) لائلپور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کرکٹ کے گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں کے ٹرائلز 11 اپریل سے شروع ہوں گے۔ قومی کرکٹ سٹار سعید اجمل کھلاڑیوں سے ٹرائلز لیں گے۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ شیڈول کے مطابق اقبال سٹیڈیم میں11 اپریل کو کرکٹ کے انڈر 19 اور انڈر 15 گرلز کھلاڑیوں کے ٹرائلز منعقد ہو نگے جبکہ 12اپریل کو انڈر19 بوائلز کے ٹرائلز لئے جائیں گے اسی طرح 13 اپریل بروز اتوار کا دن کرکٹ کے انڈر 15کھلاڑیوں کے ٹرائلز کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لائلپور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام باصلاحیت کھلاڑیوں کی دریافت کیلئے شروع کیا گیا ہے جبکہ ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کرکٹ کے کھلاڑیوں کو زرعی یونیورسٹی میں قائم ہونے والی سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی میں معیاری تربیت فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناء کرکٹ سٹار سعید اجمل نے کہا کہ فیصل آباد میں وسیع ٹیلنٹ موجود ہے اور کرکٹ کے کھلاڑیوں میں بھر پور صلاحیتیں پائی جاتی ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کی اعلی معیار کے مطابق ٹریننگ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوچز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :