پشاور، حکومت نے ایم پی ایز کو ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ ترقیاتی فنڈز جاری کئے ہیں،سردارمحمدادریس

پیر 7 اپریل 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ایبٹ آباد کے چئیر مین سردار محمد ادریس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ایم پی ایز کو ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ ترقیاتی فنڈز جاری کئے ہیں لیکن سرکاری محکموں کی کمزوری ،سستی اور غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے ترقیاتی کام شروع نہیں ہو رہے ۔محکمے بتائیں کہ فنڈز کی راہ میں رکاوٹ کہاں ہے ۔

ضلع میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ڈیڈیک اور ڈپٹی کمشنر دفاترکے توسط سے کام کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایبٹ آباد میں ڈیڈیک کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں صوبائی وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی ،خاتون ایم پی ایز آمنہ سردار ،رقیہ بی بی کے علاوہ سرکاری محکموں کے افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلا س میں کہا گیا کہ بہت جلد این جی اوز کے نمائندوں کو بلا کر ان پر واضح کیا جائے گا کہ وہ ضلع میں اپنی سکیموں کو انتظامیہ اور ڈیڈیک کے توسط سے مکمل کریں ہم بہت جلد این جی اوز کے بارے میں ایکٹ میں تبدیلی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمے جس کام کو تکمیل تک پہنچاتے ہیں اس پر بعض اوقات این جی اوز والے بھی فنڈزخرچ کرتے ہیں، جس سے ڈوپلیکشن (duplication) ہو رہی ہے اورعوام کو ترقیاتی عمل کے خاطر خوا فوائد نہیں ملتے ۔

اجلاس میں جی ڈی اے ڈائریکٹر کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چئیر مین نے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے سربراہ ضلع کے سب سے بڑے اور با اختیار ادارے ”ڈیڈیک“ کو اہمیت دیں اور اس میں ذاتی حیثیت سے شرکت کریں چونکہ اجلاس کا پروگرام ایک ہفتہ پہلے محکموں کو بھجوا دیا جاتا ہے اس لئے محکموں کے سربراہ اپنی دیگر مصروفیات کو چھوڑ کر ڈیڈیک کے اجلاس میں شرکت کریں۔

اجلاس میں ضلع بھر کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور اس کو تیزی سے مکمل کرنے کے لئے لائحہ عمل وضع کیا گیا اور ترقیاتی عمل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ۔عوامی نمائندوں نے سرکاری محکموں سے کہا کہ وہ ترقیاتی عمل اور عوامی بہبود کے منصوبوں کی تکمیل میں ان کے ہاتھ مضبوط کریں اگر انہیں کوئی رکاوٹ پیش آئے اس کے بارے میں” ڈیڈیک“ کو آگاہ کیا جائے ۔

سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی گئی کہ وہ حالیہ بارشوں کے دوران مواصلات کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کر کے اس کاپی سی ون بنائیں تا کہ حکومت سے اس کی منظوری حاصل کی جا سکے ۔ڈی ایچ او سے کہا گیا کہ وہ تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز سے متعلق تعمیراتی کاموں کی رپورٹ ڈیڈیک کو پیش کریں۔ محکمہ تعلیم کے افسروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اساتذہ کی حاضریوں کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کریں۔

حکومت نے اساتذہ کی تعیناتی اور تبدیلی کے لئے جو قوانین وضع کئے ہیں ان پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کیا جائے ۔محکمہ آبپاشی سے کہا گیا کہ وہ” جیکا“ کی جانب سے مکمل ہونے والی آبنوشی سکیم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دو ر کرکے اسے 15 جون تک ہر حال میں مکمل کریں ۔جی ڈی اے سے کہا گیا کہ وہ شجرکاری کے لئے وضع کردہ حکمت عملی کی رپورٹ اورپودوں کی تفصیل ”ڈیڈیک“ کو مہیا کریں ۔اجلاس میں ضلع ایبٹ آباد سے دو وزراء مشتاق احمد غنی اور حاجی قلندر خان لودھی کی صوبائی کابینہ میں شمولیت پر مبارک باد دی گئی، ڈیڈیک نے امید ظاہر کی کہ ہر دو وزراء ضلع کے عوام کے مسائل حل کرنے اور ترقیاتی عمل کو تیزی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :