خیبر پختونخوا کی بند صنعتوں کو جلد بحال کیا جائے گا،شوکت یوسفزئی، اقوام کی ترقی کا راز صنعتی انقلاب میں پوشیدہ ہے، خیبر پختونخوا کو جلد از جلد ایک واضح صنعتی پالیسی دیں گے ، وزیر صنعت خیبرپختونخوا

پیر 7 اپریل 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صنعت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی کا راز صنعتی انقلاب میں پوشیدہ ہے لہذا صوبہ خیبر پختونخوا کو جلد از جلد ایک واضح صنعتی پالیسی دیں گے اور بیمار صنعتوں کو پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے تاکہ سابقہ حکومتوں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے صنعتوں کو ہوئے ناقابل تلافی نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں سیکرٹری صنعت کے دفتر میں ایک اجلاس کے دوران کیا۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری صنعت محمد علی شہزاد،سپیشل سیکرٹری صنعت اور چیئرمین ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت محمد علی شہزاد نے وزیر صنعت کو صنعتوں کی کارکردگی اور امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بدقسمتی سے سابقہ ادوار میں انڈسٹری کو کوئی بھی مستقل روڈ میپ نہیں دے سکا اور نہ ہی اس شعبے کو توجہ دی گئی جس کی وجہ سے صوبہ اقتصادی طور پر بہت پیچھے رہ گیا۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت کو مد نظر رکھ کر جلد از جلد ایک ٹھوس صنعتی پالیسی پیش کریں گے اور بیمار صنعتوں کو بحال کریں گے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن اور تحریک انصاف کے ایجنڈے کے تحت صنعتی انقلاب لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیر صنعت نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان،بنوں اور گدون امازئی سمیت بند صنعتوں کو چالو کیا جائے گا اور سرکاری اراضی کو لینڈ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت سے خیبر پختونخوا کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قریب المرگ سلک اور ماچس انڈسٹریز کو بحال کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ا ن سے خاطر خواہ فائدہ لیا جاسکے ۔وزیر صنعت نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے انوسٹمنٹ روڈ شو کے انعقاد کی ہدایات دیں اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو صوبے میں منصوبے شروع کرنے میں ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونحوا دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہونے کی وجہ سے زیادہ مراعات کاحقدار ہے اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :