پشاور، مشیروزیراعلی یاسین خلیل کی زیرصدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا ایک اعلیٰ سطحی ماہانہ جائزہ اجلاس

پیر 7 اپریل 2014 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) مشیر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا برائے ٹرانسپورٹ یاسین خان خلیل کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا ایک اعلیٰ سطحی ماہانہ جائزہ اجلاس کمیٹی روم پی ڈی ایم اے سول سیکرٹریٹ پشاور منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا محمد ہمایوں ،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ منظور احمد،ضلعی ٹرانسپورٹ افسران سمیت بلدیات اور پولیس محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو گزشتہ اجلاس کے ہونے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے بارے میں آگاہ کیا گیا جبکہ موجودہ اجلاس میں ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور بعض قابل عمل تجاویز پیش کی گئیں اور چند اہم فیصلے بھی کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اپنی تمام تر توانائیاں ٹرانسپور ٹ کی بہتری اور اس کی بحالی کے لئے کام میں لا رہا ہے تاکہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سڑکوں پر ٹریفک بھی بحال رہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے کی سطح پر محکمہ کے لئے 150ملین روپے کے اہداف مقرر کئے گئے تھے جن میں سے اب تک 130ملین روپے حاصل ہو چکے ہیں جو انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔یاسین خان خلیل نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ بلا تفریق تمام غیر موزوں بسوں اور بغیر پرمٹ رکشہ مالکان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کے ساتھ بھی نرمی نہ برتی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باڈی میکرز حضرات کوسختی کے ساتھ متنبہ کیا جائے کہ وہ منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق بسوں کی باڈیاں تیار کریں تاکہ عمدہ بسیں پشاور کی سڑکوں پر دکھائی دیں۔انہوں نے کہا کہ بغیر پرمٹ باڈی میکنگ کا کاروبار کرنے والے فوری طور پر متعلقہ محکمہ سے پرمٹ حاصل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے صوبے میں قائم تمام اڈوں کی حالت کو بہتر بنانے ،ڈرائیونگ لائسنس کے باضابطہ اجراء ،سوات میں رکشوں کی بھرمار پر قابو پانے کے علاوہ فور سٹروک رکشوں کو قانون کے مطابق پرمٹ جاری کرنے کے لئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ضلعی ٹرانسپورٹ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے ضلعی افسران کو آئندہ اجلاس میں مکمل تیاری کے ساتھ شرکت کرنے اور کارکردگی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :