Live Updates

تعلیم ترقی کا واحد زینہ ہے،تعلیم کو فروغ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتاہے ‘ شہباز شریف،صوبے میں تعلیم عام کرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی گئی ہے،تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں ،لیپ ٹاپ سکیم، انٹرن شپ پروگرام، ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم اور دیگر تعلیمی پروگراموں کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب کی معروف گلو کار شہزاد رائے سے گفتگو

پیر 7 اپریل 2014 19:19

تعلیم ترقی کا واحد زینہ ہے،تعلیم کو فروغ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اپریل۔2014ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کا واحد زینہ ہے۔تعلیم کو فروغ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتاہے ۔پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیم عام کرنے کے لیے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے ۔تعلیمی شعبے میں انقلابی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے ۔

لیپ ٹاپ سکیم، انٹرن شپ پروگرام، ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی واؤچر سکیم اور دیگر تعلیمی پروگراموں کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سوموار کے روز معروف گلوکار اورزندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شہزاد رائے نے وزیراعلیٰ کو بے سہارا بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ٹرسٹ کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل اپنایا ہے ۔انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب گھرانوں اور خاک آلود گلیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی مفت فراہمی کے لیے دانش سکولز قائم کیے گئے ہیں۔

علم و دانش کے ان گہواروں میں غریب بچوں کو نہ صرف مفت تعلیم بلکہ قیام و طعام کی مفت سہولت بھی حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا دانش سکول معاشرے میں انتہا پسنددانہ رحجانات کے خاتمے میں اہم کردارادا کررہے ہیں۔ان سکولوں میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے جدید تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔دانش سکول سسٹم نے غریب ترین گھرانوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا فروغ تعلیم کے حوالے سے ایک اور انقلابی اقدام ہے ۔جس کے ذریعے وسائل کی کمی کے شکار گھرانوں کے ہزاروں ہونہار بچے اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔اس تعلیمی فنڈ کی یہ بھی ایک نمایاں خوبی ہے کہ اس فنڈ سے نہ صرف پنجاب بلکہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے ذہین بچے بھی مستفید ہورہے ہیں ۔

جس سے قومی وحدت کو تقویت مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاوٴنڈیشن کی واؤچرز سکیم کے ذریعے بھی ہزاروں غریب بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کے لیے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ٹرسٹ کی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اچھی کاوش ہے ۔معروف گلور کار شہزاد رائے نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہے ۔تعلیم عام کرنے کے لیے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے دورراس اثرات مرتب ہوں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :