قومی کونسل بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں سفارشات مرتب کریگی ‘ وفاقی وزیر مذہبی امور،ان سفارشات پر قانون سازی کرنا پڑی تو وہ بھی کریں گے،ملک میں امن وامان کا قیام نا گزیر ہے ‘ سردار محمد یوسف کا کانفرنس سے خطاب

اتوار 6 اپریل 2014 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و حج سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ ملک میں امن وامان کا قیام نا گزیر ہے اور اسی کے پیش نظر تمام مسالک کے نمائندوں پر مشتمل ایسی قومی کونسل تشکیل دی جارہی ہے جو بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں اپنی سفارشات مرتب کریگی ،اگر ان سفارشات پر قانون سازی کی ضرورت ہوئی تو یہ اقدام بھی اٹھائیں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں بین المذاہب کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی کے زیر اہتمام ”احترام ِ انسانیت امن کانفرنس “سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس میں صوبائی وزراء عطاء محمد مانیکا ، طاہر خلیل سندھو ، مسیحی رہنما ڈاکٹر ہملٹن فلمیٹر، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ثاقب عزیز، علامہ زبیر احمد ظہیر، مولانا محمد امجد خان، مولانا میاں اجمل قادری، مولانا نیاز حسین نقوی، مولانا عبدالظاہر فاروقی ، مفتی عبدالمعید سمیت تمام مذاہب کے اکابرین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں مدینہ منورہ سے آئے عالم وقاری اور استادمسجد نبوی مدینہ شریف قاری بشیر احمد نے خصوصی دعا کرائی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ احترام انسانیت انفرادی اور اجتماعی امن کی ضمانت ہے اوراسلام مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو بھی تحفظ کی ضمانت دیتاہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم داخلی طورپر اپنے آپ کو مستحکم نہ کرلیں ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل نہیں ہو سکتے اس مقصد کے لیے سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے ۔اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا۔