ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل، سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رنز درکار

اتوار 6 اپریل 2014 20:26

ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل، سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رنز درکار

میرپور، ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رنز کا ٹارگٹ دیدیا، سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی. میر پور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میچ میں بھارت کی جانب سے روہت شرما اور رہانے نے اننگز شروع کی۔

دوسرے ہی اوور میں اینجلو میتھیوز نے رہانے کو بولڈ کرکے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلوائی۔ رہانے صرف 3 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد کریز ویرات نے آکر سنبھالی اور پُراعتماد طریقے سے سری لنکن گیند بازوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے روہت شرما کیساتھ دوسری وکٹ کیلئے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم رنگانا ہیراتھ نے روہت شرما کو کیچ آئوٹ کر دیا۔

(جاری ہے)

روہت شرما نے 29 رنز بنائے تھے۔

روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ویرات کوہلی نے اپنا جارحانہ انداز برقرار رکھا اور ٹورنامنٹ میں اپنی ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔ واضع رہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ بھارت کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی یووراج سنگھ تھے۔

کولسکیرا کی گیند پر ایک اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ پریرا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

انہوں نے صرف 11 رنز بنائے۔ ان جگہ لینے کپتان دھونی آئے، اس وقت بھارت کی اننگز کے آخری دو اوورز باقی تھے تاہم وہ کوئی بھی اونچی شارٹ کھیلنے میں ناکام رہے جس سے بھارتی شائقین کرکٹ کو شدید مایوسی ہوئی۔ آخری گیند پر دو رنز لینے کی کوشش میں ویرات کوہلی رن آئوٹ ہو گئے۔ ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر بھارتی ٹیم کیلئے صرف 58 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے اے ڈی میتھیوز، کلسکیرا اور ہیراتھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔ واضع رہے کہ ڈھاکا کے شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ بارش کی وجہ سے چالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا تاہم میچ کے اوورز میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

متعلقہ عنوان :