آصف علی زرداری کی افغان عوام کو پرامن انتخابات میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پر مبارکباد ، افغان عوام امن اور جمہوریت چاہتے ہیں ، جمہوری اقدار کی مخالفت کر نے وا لوں کا مقصد مایوسی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی افغانستان میں امن اور استحکام کی قوتوں کو مستحکم دیکھنا چاہتی ہے ، بیان

اتوار 6 اپریل 2014 19:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اپریل۔2014ء) سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے افغان عوام کو پرامن انتخابات میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان عوام امن اور جمہوریت چاہتے ہیں ، جمہوری اقدار کی مخالفت کر نے وا لوں کا مقصد مایوسی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی افغانستان میں امن اور استحکام کی قوتوں کو مستحکم دیکھنا چاہتی ہے۔

اتوار کو ایک بیان میں آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی اور اپنی جانب سے افغانی عوام کو اور انتخابات کرانے والے عہدیداروں اور افغان حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ہفتہ کے روز ہونے والے انتخابات امن کی جانب سفر ہوگا اور اس سے نہ صرف افغانستان میں بلکہ پورے خطے میں امن کے قیام میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطرات کے باوجود افغان عوام کا اتنی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا اس بات کا اظہار ہے کہ عوام امن اور جمہوریت چاہتے ہیں اور وہ لوگ جو جمہوری اقدار کی مخالفت کرتے ہیں ،مایوسی ان کا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں گزشتہ سال پرامن انتقالِ اقتدار دیکھا ہے اور وہ افغانستان میں بھی اسی طرح پرامن انتقالِ اقتدار کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اور استحکام ، افغانستان میں امن و استحکام پر منحصر ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی افغانستان میں امن اور استحکام کی قوتوں کو مستحکم دیکھنا چاہتی ہے۔