طالبان سے مذاکرات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے،ڈاکٹر فاروق ستار،پرویزمشرف کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے ہیں، میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 5 اپریل 2014 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا ہے، مذاکرات پر تمام سیاسی جماعتوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ پرویزمشرف کے حوالے سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا موقف واضح ہے، پرویزمشرف کیس میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے جارہے ہیں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پرویزمشرف کیس میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ وہ ہفتے کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ طالبان سے مذاکرات آئین کے دائرہٴ کار میں ہورہے ہیں یا ماورائے آئین ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مذاکرات کے حوالے سے تمام قوتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اگر بااختیار بنادیا جائے تو نہ صرف دہشت گردی ختم ہوگی بلکہ ان کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں اچھی ورکنگ ریلیشن شپ چل رہی ہے، ایم کیو ایم کا سندھ حکومت میں شامل ہونا اتنا اہم نہیں جتنا ورکنگ ریلیشن شپ کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل عوامی مسائل میں مداخلت کرے گی تو پارلیمانی ادارے حرکت میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے باعث معیشت تباہ ہوگئی ہے۔