Live Updates

طالبان کی اکثریت امن کے لیے تیار ہے،، صبر سے کام لینا چاہیے، انشاء اللہ ملک میں امن قائم ہوگا،عمران خان ،ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی ہونی چاہئیے، جس ملک میں انصاف کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں عدل کا نظام اور امن قائم نہیں ہوسکتا، میڈیا سے بات چیت۔ تفصیلی خبر

ہفتہ 5 اپریل 2014 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان کی اکثریت امن کے لیے تیار ہے، مذاکرات جاری ہیں، صبر سے کام لینا چاہیے۔ ان شاء اللہ ملک میں امن قائم ہوگا۔ وہ ہفتے کو کراچی آمد کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی ہونی چاہئیں۔

جس ملک میں انصاف کی بالادستی نہیں ہوتی وہاں عدل کا نظام اور امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ مذاکرات میں وقت لگتا ہے، دس سال میں 6ہزار آپریشن ہوئے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ مذاکرات کی کامیابی اور ناکامی چاہنے والوں کے بارے میں سب جانتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مفاد پرستی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں کچھ ارکان کو شکایات تھیں ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں ان کی شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا کی عوام زیادہ خوش حال ہیں، ہماری حکومت کے پی میں عوام کی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت دوہرا نظام ہے، طاقت ور کے لیے قانون الگ ہے اور کمزور کے لیے الگ۔ جب تک نظام یکساں نہیں ہوگا مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ کراچی میں امن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک کراچی میں پولیس کو غیرسیاسی نہیں کیا جائے گا اس وقت تک امن کا قیام ممکن نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :