خیبر پختونخواکی حکومت کو گرانے کا سوچنے والے احمقوں کے جنت میں رہتے ہیں ،خرم شیر زمان، آئندہ انتخابات میں پنکچر لگنے دینگے نہ ہی عوامی مینڈیٹ کو چرانے والوں کے لیے کوئی راستہ چھوڑیں گے ، رکن سندھ اسمبلی

ہفتہ 5 اپریل 2014 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کو گرانے کا سوچنے والے احمقوں کے جنت میں رہتے ہیں ، فارورڈ بلاک سے پارٹی مضبوط ہوگی اور یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف میں اظہار رائے اور اختلاف کی مکمل اجازت ہے ۔ ناراض ارکان کی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد خدشات دور ہوچکے ہیں ۔

یہ باتیں انہوں نے اپنے واقع دفتر ڈیفنس میں مسلم لیگ ن کی علی اکبر گجر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہیں ۔ رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کئی دہائیوں سے پنجاب میں اقتدار پر قابض ہے لیکن ابھی تک وہ تھانہ کلچر اور پٹواری کلچر تبدیل نہ کرسکے ، تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ میں 10مہینے کی حکومت نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں ہمیں نا تجربہ کاری کا طعنہ دینے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور مسلم لیگ ن کا تجربہ صرف کرپشن اور اقرباء پروری میں ضرور ہے اس لیے آج قومی اداروں کو نجکاری کے ذریعے اپنوں کو اونے پونے داموں بیچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اداروں کے استحکام سے وابستہ ہے لیکن بدقسمتی سے مسلم لیگ ن کی قیادت 68حساس قومی اداروں کو نجکاری کے زریعے بیچنا چاہتی ہے ۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کا رخ کرپٹ سیاسی مافیا اور موروثی سیاستدانوں کی طرف ہے انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں نا پنکچر لگنے دینگے اور نہ ہی عوامی مینڈیٹ کو چرانے والوں کے لیے کوئی راستہ چھوڑیں گے ، تحریک انصاف ہی پاکستان کا مستقبل ہے دوسروں کو طعنہ دینے والے پہلے اپنے ماضی پر نظر رکھیں جب شریف برادران ملک چھوڑ کر سعودی عرب بھاگے تو چند درجن کارکنان کے علاوہ کوئی نام لینے والا نہیں تھا ۔

تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں اور کبھی بھی کسی دوسری پارٹی میں شامل نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر تنقید کرنے والے علی اکبر گجر اپنی سیاسی قد کاٹ بڑھانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :