ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی مینجمنٹ کونسل کی جانب سے ہسپتال میں خریداری کی مد میں مالی بدعنوانیوں کی انکوائری مکمل کرلی گئی

ہفتہ 5 اپریل 2014 16:36

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5اپریل 2014ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی مینجمنٹ کونسل نے ہسپتال میں خریداری کی مد میں مالی بدعنوانیوں کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افسران کو واجبات کی ادائیگی کیلئے شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے 15 یوم کے اندر جواب طلب کرلیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی انسپکشن ٹیم اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انکوائری کمیٹیوں کے مطابق ٹائلز، بوائلرز اور ڈائلیسز مشین کی خریداری میں مالی بدعنوانیوں میں ملوث سابق چیف ایگزیکٹو، سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، الیکٹرو میڈیکل آفیسر اور انجینئر شامل ہیں، ہسپتال کی مینجمنٹ کونسل نے آئی سی یو وارڈ میں وینٹی لیٹر، آرتھوپیڈک وارڈ اور ای این ٹی وارڈ میں جدید مشینری کی خریداری، میڈیکل آفیسرز کی بھرتیوں اور ہسپتال کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مینجمنٹ کونسل کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر رحمن غنی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری مینجمنٹ، ڈپٹی سیکرٹری فنانس، ڈپٹی سیکرٹری ہیلتھ، مینجمنٹ کونسل کے اراکین ریاض خان بھوگڑ منگ، راشد جاوید، کرنل (ر) غلام مصطفی اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد سلطان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مینجمنٹ کونسل نے پیڈز اور گائنی وارڈ میں ٹائلز اور بوائلرز کی خریداری میں مالی بدعنوانیوں میں ملوث انجینئر اسرار جہانگیری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز کے اندر وضاحت طلب کی ہے جس میں واجبات کی وصولی اور نوکری سے برخاست کرنے کا کہا گیا ہے۔

مینجمنٹ کونسل نے ڈائلیسز مشین کی خریداری کی انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد چار افسران سابق چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ضیاء الرحمن، سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جان محمد، الیکڑو میڈیکل انجینئر سجاد عالم اور ڈاکٹر سردار ایوب سے 1.35 ملین روپے برابری کی بنیاد پر ریکور ی کیلئے نوٹس جاری کئے ہیں اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔

مینجمنٹ کونسل نے ایم آر آئی اور الٹرا ساؤنڈ ٹیسٹ کی فیس میں اضافہ کی تجویز مسترد کی ہے، مینجمنٹ کونسل نے آئی سی یو وارڈ میں وینٹی لیٹر، آرتھوپیڈک وارڈ اور ای این ٹی وارڈ میں جدید مشنری کی خریداری کی منظوری دی۔ مینجمنٹ کونسل نے اس موقع پر شہر میں 10 کلو میٹر میں شہریوں کیلئے موبائل ایمرجنسی ایمبولینس سروس چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں شہریوں سے کم سے کم کرایہ وصول کیا جائے گا۔ مینجمنٹ کونسل نے پٹرول کی خریداری کیلئے 6 لاکھ روپے سے کم کر کے دو لاکھ مختص کرنے کی منظوری دی ہے۔ مینجمنٹ کونسل نے سروس رولز کی منظوری بھی دی ہے۔