افغانستان میں انتخابات کے موقع پر پاکستان نے تمام کراسنگ پوائنٹس بند کردیئے، سیکیورٹی میں اضافہ،سرحد کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ،سرحد پر غیر ضروری نقل وحرکت پر نظر رکھنے کیلئے فضائی نگرانی کی جائیگی، ترجمان آئی ایس پی آر

جمعہ 4 اپریل 2014 22:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) افغانستان میں ہونیوالے انتخابات کے موقع پر پاکستان نے تمام کراسنگ پوائنٹس بند کرتے ہوئے سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ سرحد کے قریبی علاقوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے سرحد پر غیر ضروری نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے فضائی نگرانی کی جائیگی۔آئی ایس پی آر کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر 20 مارچ سے اضافی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ افغانستان میں پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مشاورت کے بعد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ امیگریشن سٹاف کی جانب سے کراسنگ پوائنٹس پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے جبکہ سرحد کے قریبی علاقوں میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرحدی علاقوں کو جانے والے راستوں پر سخت چیکنگ کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ جمعہ سے تمام کراسنگ پوائنٹس بند کر دیئے گئے ہیں جو الیکشن کے روز پولنگ کا عمل مکمل ہونے تک بند رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد کے دونوں جانب بارڈر کوارڈی نیشنز سینیٹرز کے درمیان روابط میں بھی اضافہ کیا گیا ہے کہ جبکہ دونوں ممالک کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹریٹس کے درمیان ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سرحد پر کسی غیر ضروری نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔