حقیقی تبدیلی تب آئیگی جب ہم میں سے ہر شخص اپنے گریبان میں جھانکے ،پرویزخٹک، تبدیلی کا سفر شروع ہو چکا ،جمہوری حکومت میں تبدیلی راتوں رات نہیں آتی ،عوامی مزاج کے مطابق اس میں وقت لگتا ہے،مخالفین جانتے ہیں خیبرپختونخوا میں بڑی تبدیلی آرہی ہے ،اپنی سیاسی کشتی ڈوبتے دیکھ کر وہ صوبائی حکومت پرنت نئے الزامات لگارہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعہ 4 اپریل 2014 21:46

حقیقی تبدیلی تب آئیگی جب ہم میں سے ہر شخص اپنے گریبان میں جھانکے ،پرویزخٹک، ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اپریل۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام نے پی ٹی آئی کو نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے کیونکہ وہ سابقہ حکومتوں کے کرپشن، کمیشن، لوٹ مار اورعوامی استحصال کی پالیسیوں سے عاجز آچکے تھے تاہم اُنہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی تب آتی ہے جب ہم میں سے ہر شخص اپنے گریبان میں جھانکے اور ضمیر کو ٹٹول کر پہلے خود بدلنے کا سوچے اُنہوں نے کہا کہ تبدیلی کا سفر شروع ہو چکا ہے مگر جمہوری حکومت میں تبدیلی راتوں رات نہیں آتی بلکہ عوامی مزاج کے مطابق اس میں وقت لگتا ہے ہمارے مخالفین بھی جانتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں بہت بڑی تبدیلی آرہی ہے اسلئے اپنی سیاسی کشتی ڈوبتے دیکھ کر وہ صوبائی حکومت پرنت نئے الزامات لگاتے اور طرح طرح کی سازشیں کرتے آ رہے ہیں مگر اُنہیں ناکامی ہو گی کیونکہ فتح ہمیشہ حق اور خلوص کی ہوتی ہے وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تھانے، پٹوار خانے، واپڈا اور سوئی گیس سمیت کسی بھی صوبائی یا وفاقی محکمے میں اپنے چھوٹے موٹے کاموں کیلئے رشوت نہ دیں اور اگر کوئی اہلکار رشوت مانگے تو اُس کی اطلاع حکام بالا کو دیں شہریوں کے معمولی انتظار اور تکلیف برداشت کرنے سے صوبے میں کرپشن جیسا ناسورختم ہو کر قصہ پارینہ بن جائے گا جو ہماری پسماندگی اور غربت سمیت تمام محرومیاں مٹانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا وہ چارسدہ اور شبقدر کے عمائدین کے 60 رکنی وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے رکن صوبائی اسمبلی عارف احمد زئی کی زیرقیادت اُن سے سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اہل علاقہ کو درپیش بعض مسائل اور مطالبات سے اُنہیں آگاہ کیا

وزیر اعلیٰ نے علاقے میں سڑکوں اور گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق واضح کیا کہ تمام محکموں میں کنسلٹنٹ آگئے ہیں اور انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئی ہیں کیونکہ اب ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام شروع ہو گا اور ہر جگہ تعمیر و ترقی ہوتی نظر آئے گی آئندہ کسی سڑک یا گلی کی ٹوٹ پھوٹ کی رپورٹ عوام کا نہیں بلکہ متعلقہ حکام کا فرض ہو گا اور وہ عوامی شکایت آنے سے پہلے ہر چیز کا ازالہ کریں گے دریاؤں کے اطراف میں پشتوں کی تعمیر اور قیمتی زرعی اراضی کو نقصان سے بچانے کیلئے فنڈز کے اجراء کے مطالبے پر اُنہوں نے یقین دلایا کہ ایسے تمام بڑے منصوبے نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جار ہے ہیں کیونکہ پچھلے سال ہماری حکومت آنے پر بجٹ تقریباً تیار ہو چکا تھا اور ہمیں وسائل کے مطابق ترقیاتی اہداف مقرر کرنے کیلئے بڑا کم وقت ملا تھا مگر آئندہ بجٹ فلاحی اور ریلیف کا بجٹ ہو گا کیونکہ اس میں عوام پر ٹیکسوں کے نئے بوجھ ڈالنے کی بجائے زیادہ سے زیادہ ریلیف ہوں گے اور بڑے ترقیاتی اہداف مقرر کئے جائیں گے جن میں چارسدہ سے نوشہرہ تک تمام دریاؤں کے اطراف عالمی معیار کے مطابق ایسے پشتوں کی تعمیر شامل ہے جن کی بدولت بڑے بڑے سیلابوں سے بھی مقامی آبادیاں اور کھڑی فصلیں کم سے کم متاثر ہونگی

پرویز خٹک نے شبقدر کو تحصیل سے سب ڈویژن بنانے اور مقامی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا درجہ بڑھانے کے مطالبے پر یقین دلایا کہ اگر ایسا کرنا اہل علاقہ کیلئے مفید ہوا تو ضرور کیا جائے گا اور اس بارے میں موقع پر موجود حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں اُنہوں نے مہمند ایجنسی سے ضلع چارسدہ میں شامل کئے گئے 25 دیہات کی بجلی کاٹنے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے موقع پر موجود اے سی واپڈا سے اسکی وجہ دریافت کی تو اُنہوں نے بتایا کہ یہ اقدام بجلی کے بل ادانہ کرنے اور بھاری بقایا جات جمع ہونے کی وجہ سے اُٹھایا گیاوزیر اعلیٰ کی تجویز اور ایم پی اے کی ضمانت پر اہل علاقہ نے بل اور بقایا جات جمع کرنے کی حامی بھری تو اے سی واپڈا نے یقین دلایا کہ بل ادائیگی کی تحریری ضمانت پر تمام 25 دیہات کو آئندہ دو تین روز میں ادائیگی سے پہلے بجلی بحال کر دی جائے گی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری بقایا جات اور بلوں کی بروقت ادائیگی کا کلچر اپنا کر ہی ہم پاکستان کو ترقیافتہ بناسکتے ہیں اُنہوں نے مقامی سکولوں میں اساتذہ اور کلاس رومز کی کمی کی شکایت پر یقین دلایا کہ تعلیمی اور طبی ایمرجنسی کے تحت ایسے تمام مسائل کا ازالہ ہنگامی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے اور اب ایک کلاس روم میں چالیس طلباء کیلئے ایک اُستاد کی موجودگی لازمی ہو گی اسی طرح نئی قانون سازی کے تحت آئندہ اساتذہ کے تبادلے نہیں ہوں گے اور اُنہیں ایک ہی سکول میں بچوں کو پڑھا کر اچھے نتائج دینے ہوں گے جبکہ میٹرک کی طرح جماعت پنجم، ہشتم اور نہم کے امتحانات بھی تعلیمی بورڈوں کے ذریعے منعقد ہوں گے تاکہ معیار تعلیم میں نمایاں بہتری آئے اُنہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ تمام محکموں کی کارکردگی سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیں اور نہ صرف انکا بروقت ازالہ کریں بلکہ عوام سے قریبی رابطے استوار کرکے ترقیاتی عمل میں اُنکی عملی شرکت یقینی بنائیں وزیر اعلیٰ نے وفد کے دیگر مسائل کا ہمدردانہ جائزہ لینے کا یقین بھی دلایا جبکہ وفد نے کرپشن وکمیشن مافیا کے خاتمے اور شفافیت و میرٹ کی بالادستی پر مبنی پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی ہی حکومت سے عوام انصاف اور ریلیف کی توقع کرسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :